امریکی سفیر کی چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی سے ایک اور ملاقات

امریکہ کو بھارتی جارحیت اور تخریب کاریوں کا نوٹس لینا چاہئے، خطہ میں امن ضروری ہے‘ مسلم لیگی قائدین

جمعہ 4 ستمبر 2015 17:14

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے جمعہ کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ایک اور ملاقات کی جو ایک گھنٹہ کے لگ بھگ جاری رہی۔ امریکی سفیر کی مسلم لیگی قائدین سے حالیہ دنوں میں یہ دوسری ملاقات تھی۔

ملاقات کے دوران پاک امریکہ تعلقات، پاکستان اور افغانستان کے علاوہ علاقہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک بھارت تعلقات کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ بھارتی رویہ، ورکنگ باؤنڈری کے علاوہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے شہریوں کی ہلاکتوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی نے کہا کہ بلوچستان، کراچی اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی خفیہ کارروائیوں اور تخریب کاریوں کے بعد اب وہ پاکستان کے خلاف کھلم کھلا جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے جو کہ دہشت گردی ہے، امریکہ کو بھارتی جارحیت اور دہشت گردی کا نوٹس لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطہ میں امن ضروری ہے اور اس کیلئے افغانستان میں امن اور کشمیر کے مسئلہ کا پرامن حل لازمی ہیں جبکہ بھارت پاکستان سے کشمیر سمیت دیگر تنازعات کے پرامن حل کیلئے مذاکرات کرنے کو بھی تیار نہیں اس کا رویہ نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کیلئے خطرہ کا باعث بن سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :