(ن)لیگ کے وفد کی سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات ٗ بلدیاتی انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ

بلدیاتی انتخابات کے لیے خیبر پختونخواہ جیسی بدانتظامی نہیں ہونے دی جائیگی ٗ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ پنجاب کے شہید وزیر داخلہ شجاع خانزادہ پر خود کش حملے کی تحقیقات چل رہی ہیں ٗفی الحال میڈیا کو آگاہ نہیں کر سکتے ٗ میڈیا سے گفتگو

جمعہ 4 ستمبر 2015 18:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن)کے وفد کی سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی جس میں مسلم لیگ (ن )نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کر دیا جبکہ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اﷲ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے خیبر پختونخواہ جیسی بدانتظامی نہیں ہونے دی جائیگی ٗ شہید وزیر داخلہ شجاع خانزاد ہ کیس کی تحقیقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔

جمعہ کو مسلم لیگ (ن )کے چار رکنی وفدنے رانا ثنا اﷲ کی سربراہی میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب سے ملاقات کی،وفد میں وزیر اعظم کے مشیر قانون اشتر اوصاف علی،رکن قومی اسمبلی پرویز ملک اور صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور شامل تھے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اﷲ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیلیے پارٹی سرٹیفکیٹ کے لے دی گئی تاریخ پر تحفظات ہیں،ہم چاہتے ہیں سکروٹنی عمل تک پارٹی سرٹیفکیٹ جمع کرنے کی مدت میں توسیع ہونی چاہیے،،الیکشن کمیشن کو اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکورٹی کے بہترین انتظامات کی یقین دہانی کرائی ہے ٗکے پی کے جیسی بدانتظامی نہیں ہونے دیں گے،پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے لیے مکمل تیار ہے ٗاگر حلقہ بندیوں سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ نہ آتا تو 2013 میں ہی بلدیاتی انتخابات کرا دیتے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے شہید وزیر داخلہ شجاع خانزادہ پر خود کش حملے کی تحقیقات چل رہی ہیں ملوث گروپ کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے،تا ہم فی الحال میڈیا کو ان تحقیقات سے آگاہ نہیں کر سکتے۔