الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی ورکرزکو وکٹری کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا

پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی اور ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے‘ صدر ڈاکٹر صفدر عباسی

جمعہ 4 ستمبر 2015 18:08

الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی ورکرزکو وکٹری کا انتخابی نشان ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان پیپلز پارٹی ورکرزکو وکٹری کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا ، پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی نے پنجاب اور سندھ میں ہونیوالے بلدیاتی اور تمام حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کر دیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں انتخابی نشان الاٹ کرنے کیلئے درخواست دے رکھی تھی جس پر گزشتہ روز فیصلہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی ورکرز کو ’’وکٹری‘‘ کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا گیا ۔

ڈاکٹر صفدر عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نظریاتی جیالے بھٹو شہید اور بی بی شہید کی سیاسی وراثت کی حفاظت کے لئے آگے بڑھیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ورکرز پنجاب اور سندھ میں ہونے والے بلدیاتی اور تمام حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور نظریاتی کارکنوں کی سپورٹ سے کامیابیاں بھی سمیٹیں گے۔