کراچی آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا،سیاست اور جرم کے درمیان فرق کیا جانا چاہیے، ہمارا مقصد امن وامان کو بہتربنانا ، دہشت گردوں اور مجرموں کو ختم کرنا اور کراچی کے عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے

وفاقی وزیر اطلاعات نشریات سینیٹر پرویز رشید کی ریڈیو پاکستان کے پروگرام ” نقطہ نظر“میں بات چیت

جمعہ 4 ستمبر 2015 20:05

اسلام آباد ۔ 4 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات نشریات وقومی ورثہ، سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ سیاست اور جرم کے درمیان فرق کیا جانا چاہیے،کراچی آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔ ریڈیو پاکستان کے نیوز اینڈ کرنٹ آفیئرز چینل کے پروگرام ”نقطہ نظر“ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کو بہت سی مشکلات درپیش ہیں اور کراچی آپریشن کا مقصد ان مشکلات سے نمٹنا ہے۔

ہمارا مقصد امن وامان کو بہتربنانا ، دہشت گردوں اور مجرموں کو ختم کرنا اور کراچی کے عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ کراچی آپریشن کسی فرد یا پارٹی کے خلاف ہے ۔حکومت میں آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) تمام سیاسی پارٹیوں کو متحد کر کے قومی مسائل سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کی۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بھی تمام جماعتوں کی باہمی رضامندی کے بعد شروع کیا گیا ۔

نیشنل ایکشن پلان سیاسی رہنماؤں نے تیار کیا اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائی اس پلان کا حصہ ہے۔ کراچی میں دہشت گردی اور امن واما ن کے صورتحال قومی مسئلہ ہے اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ دفاعی تجزیہ کار ایئر مارشل (ر) شاہد لطیف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں ، بھتہ خوروں ، اغوا کاروں اور پنڈ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ سیاسی جماعتوں کے طرف سے کچھ تحفظات ہیں لیکن کراچی آپریشن کسی گروہ یا جماعت کے خلاف نہیں۔

چیئرمین پاکستان ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور رینجرزکی کوششوں سے کراچی میں حالات دن بہ دن بہتر ہورہے ہیں ۔ کراچی آپریشن کے بعد کاروبار میں بہتری آئی ہے اور کراچی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن کے قیام کے لئے وہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے شگرگزارہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے خاطر خوا ہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔

کراچی کی صورتحال پر قابو پا لیاگیا ہے۔ ایوان صنعت وتجارت کراچی کے صدر افتخار امجد وہرہ نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اور تجارت کا مرکز ہے۔ ہمیں کراچی میں امن وامان کے قیام کا انتظار تھا جو اب قائم ہو رہا ہے۔ کراچی میں امن کے قیام کا سہرا چیف آف آرمی سٹاف اور حکومت کو جاتا ہے۔ بعض سیاسی جماعتیں بھی ٹارگٹ اور بھتہ خوری میں ملوث تھیں۔ سیکورٹی فورسز کسی بھی امتیاز اور اثرورسوخ کے بغیر عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کررہی ہیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔