جاپانی جزیرے میں ضعیف خواتین کے میوزیکل بینڈ نے دھوم مچا دی

ہفتہ 5 ستمبر 2015 11:57

جاپانی جزیرے میں ضعیف خواتین کے میوزیکل بینڈ نے دھوم مچا دی

اوکی ناوا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) گلوکاری کے میدان میں آپ نے اکثر نوجوانوں کو ہی اپنی آواز کا جادو جگاتے سنا ہوگا لیکن جاپان میں ایک بینڈ ایسا بھی ہے جو ضعیف العمر خواتین پر مشتمل ہے جبکہ یہ ضعیف گلوکارائیں اپنی آواز کا جادو جگانے میں بے حد مشہور ہیں۔جاپان میں ”کے بی جی 84“ نامی بینڈ میں 33 ضعیف ترین خواتین گلوکاری کرتی ہیں جن کی عمریں 84 برس ہیں جب کہ ایک خاتون گلوکارہ اپنی زندگی کی 97 بہاریں دیکھ چکی ہیں۔

اوکی ناوا کے دوردراز جزیرے کوہاما پر موجود یہ بینڈ شہرت کی بلندیوں کو چھورہا ہے کیونکہ ان کے میوزیکل ٹائٹل ”آوٴ ناچو“ کی مقبولیت کے بعد گروپ نے پورے جاپان کا دورہ کرکے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، اس مشہور بینڈ کی ضعیف خواتین کو اب پورے جاپان میں ایک اہم اسٹار کا درجہ مل چکا ہے اور ان کے پرستاروں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

بوڑھے بینڈ گروپ کی خواتین کا کہنا ہیکہ سامعین کی حوصلہ افزائی انہیں پھر سے جوان کردیتی ہے اور وہ مزید توانائی سے اپنا فن پیش کرتی ہیں جب کہ اس بینڈ کا نام ”کے بی جی 84“ ہے جس میں 84 کا مطلب گروپ میں موجود خواتین کی اوسط عمر ہے۔

ان تمام خواتین نے اپنی طویل عمر کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی اپنے گھر کا سارا کام خود کرتی ہیں اور سادہ غذا کھاتی ہیں جن میں پھل اور سبزیاں شامل ہیں۔