نقاد یاد رکھیں کہ نیلسن منڈیلانے بھی جیل کی ہوا کھائی تھی:محمد آصف

ہفتہ 5 ستمبر 2015 13:55

نقاد یاد رکھیں کہ نیلسن منڈیلانے بھی جیل کی ہوا کھائی تھی:محمد آصف

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5ستمبر ۔2015ء ) سپاٹ فکسنگ کے باعث 5سالہ سزا پوری کر نے والے سابق قومی فاسٹ باؤلر محمد آصف کاکہنا ہے کہ ان پر تنقید کرنے والوں کو یاد رکھا چاہیئے کہ نیلسن منڈیلا کو بھی جیل کی ہوا کھانی پڑی تھی ، وہ اپنے ماضی پر شرمندہ ہیں اور جیل کاٹنے اور سزا پوری کرنے کے بعد ایک بار پھر کرکٹ کے میدانو ں اور بالخصوص لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پرکھیلنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ایک انٹر ویو میں محمد آصف کا کہنا تھا کہ وہ نوجوان کرکٹر کو اصلاحی لیکچرز دیں گے اور انہیں اپنے کہانی بتا کر اس لعنت سے دور رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے ،آصف کے مطابق گزشتہ پانچ سال ان کی زندگی کے بدترین برس تھے کیوں کہ وہ ان گراؤنڈ ز میں داخل نہیں ہوسکتے تھے جہاں انہوں نے ہمیشہ کرکٹ کھیلی ،یہ صرف ان کے لیے ہی کڑا وقت نہیں تھا بلکہ انکی فیملی بھی اس سے متاثر ہوئی ۔

(جاری ہے)

32سالہ فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں کبھی جیل بھی جانا پڑے گا لیکن پانچ سال پہلے انگلینڈ میں سپاٹ فکسنگ کرنے کے بعد انہیں جیل جاکر احساس ہوا کہ انہوں نے کتنی بڑی غلطی کی ہے،آصف کے مطابق ان کے جیل جانے پر بولنے والوں کو یہ یاد رکھا چاہیئے کہ سابق جنوبی افریقی صدر نیلسن منڈیلا کو جیل کی ہوا کھانی پڑی تھی اور وہی انکے رول ماڈل بھی تھے ۔