بلاول بھٹو زرداری اپنی ہمشیرہ بختاو بھٹو زرداری کے ہمراہ ایک ہفتے کے دورہ پر لاہور پہنچ گئے

بلاول بھٹو ہمشیرہ کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بلاول ہاؤس پہنچے ،منظور وٹو،مخدوم احمد محمود، تنویر اشرف کائرہ اور دیگر نے استقبال کیا پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں ملک کی مجموعی ،پنجاب میں پارٹی کی صورتحال ، ضمنی اور بلدیاتی انتخابات بارے تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 5 ستمبر 2015 18:43

بلاول بھٹو زرداری اپنی ہمشیرہ بختاو بھٹو زرداری کے ہمراہ ایک ہفتے کے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی ہمشیرہ بختاو بھٹو زرداری کے ہمراہ ایک ہفتے کے دورہ پر لاہور پہنچ گئے ۔بلاول بھٹو اپنی ہمشیرہ کے ہمراہ خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بلاول ہاؤس لاہور پہنچے جہاں پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو،جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود، پنجاب کے جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ، عبد القادرہ شاہین ،شوکت بسرا سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے استقبال کیا ۔

بلاول بھٹو کی ذاتی سکیورٹی نے ان کی آمد سے دو روز قبل بلاول ہاؤس پہنچ کر سکیورٹی انتظامات اپنے ہاتھ میں لے لئے تھے ۔ بلاول ہاؤس آمد کے بعد پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں ملک کی مجموعی خصوصاً پنجاب میں پارٹی کی صورتحال ، پنجاب میں ہونے والے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ،سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی اورسابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر مرحوم کے صاحبزادے شہریار تاثیر نے بھی بلاول ہاؤس لاہور میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کر کے پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

بلاول ہاؤس کے ذرائع کے مطابق آج اتوار کو یوم دفاع کے حوالے سے تقریب منعقد ہو گی جس میں پرچم کشائی کی جائے گی ۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو آج اتوار کو ایک بجے سے سہ پہر تین بجے تک وہاڑی اور چار سے چھ بجے تک ضلع لودھراں میں بلدیاتی پارلیمنٹری بورڈ کے ارکان ٹکٹ ہولڈرز،تحصیل و ضلعی عہدیداروں سے ملاقاتیں کرینگے ساڑھے چھ بجے سے آٹھ بجے تک جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے صدور،جنرل سیکرٹری و انفارمیشن سیکرٹریوں سمیت الائیڈ ونگز کے صوبائی صدر و جنرل سیکرٹری ملاقات کرینگے ۔