ایم کیوایم کا9، ستمبرکو ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف سندھ تاجراتحاد کی شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کااعلان کردیا

ایم کیوایم تاجروں کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور انکے جائز حقوق کیلئے ہرسطح پر آواز بلند کرتی رہے گی، رابطہ کمیٹی

ہفتہ 5 ستمبر 2015 21:33

ایم کیوایم کا9، ستمبرکو ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف سندھ تاجراتحاد کی شٹرڈاؤن ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف سندھ تاجراتحاد کی جانب سے 9، ستمبرکو شٹرڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ودہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ تاجربرادری پر سراسرظلم ہے اور ایم کیوایم ،وفاقی حکومت کے اس غیرمنصفانہ فیصلے کے خلاف تاجربرادری کے ساتھ ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک جانب وفاقی حکومت جاگیرداروں اوروڈیروں کی زرعی آمدنی پر ٹیکس نافذ کرنے سے دانستہ گریز کررہی ہے اور دوسری جانب باقاعدگی سے ٹیکس دینے والی تاجربرادری کو مزید ٹیکسوں کے بوجھ تلے دباناچاہتی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ وفاقی حکومت کے غیردانشمندانہ اقدامات سے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام بالخصوص تاجربرادری شدید مشکلات کا شکار ہے ، تاجربرادری کو درپیش مسائل ومشکلات کا حل نکالنے کے بجائے حکومت نے ود ہولڈنگ ٹیکس نافذکرنے کااعلان کیا ہے جس سے تاجربرادری میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور وہ اپنے جائز مطالبات کے حق میں شٹرڈاؤن ہڑتال کرنے پرمجبورہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف سندھ تاجراتحاد کی جانب سے 9، ستمبرکو شٹرڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے تاجربرادری کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم ان کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور انکے جائز حقوق کیلئے ہرسطح پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔

متعلقہ عنوان :