مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر سے حلقہ این 21 کے عمائدین کے وفد کی ملاقات

وفد کو مانسہرہ میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا

ہفتہ 5 ستمبر 2015 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر سے ان کے حلقہ این 21 کے عمائدین کے 30 رکنی وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے، کیپٹن (ر) صفدر نے وفد کو مانسہرہ میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر ہزارہ موٹر وے منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ مانسہرہ میں بجلی کے ترسیلی نظام کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایبٹ آباد سے مانسہرہ اور ملحقہ علاقوں میں گیس پائپ لائن بچھانے کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ حلقہ این نے 21 کے مختلف علاقوں میں پلوں کی تعمیر کیلئے 260 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ کیپٹن صفدر نے وفد کو بتایا کہ حکومت نیب کے ذریعے خردبرد کئے گئے 220 ملین روپے وصول کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ وفد نے علاقے میں گیس فراہمی کا منصوبہ اور دوسرے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کیلئے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔