1965ء کی جنگ میں اﷲ کی مدد، مسلح افواج کی شجاعت اور عوام کی یکجہتی کی وجہ سے ہم نے دشمن پر غلبہ حاصل کیا تھا۔معین الدین حیدر

ہفتہ 5 ستمبر 2015 22:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) سابق گورنر سندھ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ معین الدین کہا ہے کہ 1965ء کی جنگ میں اﷲ کی مدد، مسلح افواج کی شجاعت اور عوام کی یکجہتی کی وجہ سے ہم نے دشمن پر غلبہ حاصل کیا تھا۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں رابطہ فورم انٹرنیشنل کے زیراہتمام یومِ فتح مبین کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہا کہ دشمن نے طاقت کے نشے میں ہم پر جارحیت کی لیکن عوام اور فوج نے مل کر اُس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔

کموڈور (ر) عبیداﷲ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بحریہ نے دشمن کے علاقے میں گھس کر اُسے نشانہ بنایا جس سے اس کی کمر ٹوٹ گئی جبکہ ایئرکموڈور (ر) جمال حسین نے کہا کہ 17 روزہ جنگ کے دوران فضا میں ہمارے شاہینوں کو دشمن پر مکمل برتری حاصل رہی۔

(جاری ہے)

سیمینار سے ڈاکٹر طلعت وزارت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں ہم نے بھارت کو ہر محاذ پر شکست دی، اس کی دلیل یہ ہے کہ بھارت اپنے کسی بھی ہدف کو حاسل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا جبکہ پروفیسر شجاعت حسین نے کہا کہ جس قوم میں اتحاد اور جذبہ ایمانی ہو اُسے دُنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

سیمینار کے آخر میں رابطہ فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین اور معروف تجزیہ کار نصرت مرزا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 1965ء کی جنگ کی کامیابی کو نئی نسل تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ سیمینار میں جامعہ کراچی، محمد علی جناح یونیورسٹی اور کامسیٹ کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :