ایک منٹ میں 5 طیارے تباہ ،ایم ایم عالم کا کارنامہ ہمیشہ قائم رہے گا

اتوار 6 ستمبر 2015 11:34

ایک منٹ میں 5 طیارے تباہ ،ایم ایم عالم کا کارنامہ ہمیشہ قائم رہے گا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء ) 1965 کی جنگ میں اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم نے وہ کارنامہ انجام دیا جس نے رہتی دنیا تک دشمن پر پاک فضائیہ کی دھاک بٹھادی۔6 ستمبر 1965،بھارت نے وطن عزیز پر میلی نگاہ ڈالنے کی غلطی کی لیکن ہر محاذ پر مسلح افواج کے ہاتھوں دھول چاٹنی پڑی۔مادر وطن کے سپوتوں میں ایک نام محمد محمود عالم تھا۔11ویں اسکواڈرن کے اس لیڈر نے جنگ کے پہلے ہی روز دشمن کے دو طیارے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیے اور تین کو اڑان کے قابل نہ چھوڑا۔

(جاری ہے)

یہ کافی نہیں تھا،ایم ایم عالم کی انگلیاں ٹریگر دبانے کو بیتاب تھیں،ان کے ایف 86 سیبر طیارے کے میزائل اور گولیاں،دشمن طیاروں کے پرخچے اڑانے کو بے چین تھیں۔7 ستمبر کو اقبال کا شاہین ایک بار پھر دشمن کے دو طیاروں کے تعاقب میں تھا۔ دشمن کے 5 ہاکر ہنٹر طیاروں کی فارمیشن پرنظر پڑی۔چند ہی لمحوں میں ان کے طیارے کا میزائل،دشمن کے طیارے کے پرخچے اڑا گیا۔تیس سیکنڈز میں دشمن کے دیگر چار ہنٹرز بھی ایم ایم عالم کا شکار بن گئے۔اور وہ ایک منٹ میں 5 طیارے تباہ کرنے والے دنیا کے واحد پائلٹ ہیں۔دشمن کو ابھی اور سبق بھی سکھانا تھا،انہوں نے مزید دو طیارے مار گرائے اور بھارتی فضائیہ کی کمر توڑدی۔اس جنگ میں ایم ایم عالم نے 9 طیاروں کا شکار کیا۔