بھارت سے سیریز کا باضابطہ معاہدہ نہیں ، ایم او یو سائن کیا تھا ، شہریار خان

کوشش ہے پاک بھارت سیریز شیڈول کے مطابق ہو ،دونوں ملکوں میں کرکٹ کی بحالی کیلئے بگ تھری کو سپورٹ کیا تھا ، چیئرمین پی سی بی

اتوار 6 ستمبر 2015 13:09

بھارت سے سیریز کا باضابطہ معاہدہ نہیں ، ایم او یو سائن کیا تھا ، شہریار ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ بھارت سے سیریز کے لیے باضابطہ معاہدہ نہیں صرف ایم او یو سائن کیا تھا تاہم کوشش ہے کہ پاک بھارت سیریز شیڈول کے مطابق ہو، بھارت سے کرکٹ کی بحالی کیلئے بگ تھری کو سپورٹ کیا تھا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم نے بھارت سے کرکٹ کی بحالی کی وجہ سے ہی بگ تھری کو سپورٹ کیا تھا لیکن اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ بگ تھری کی سپورٹ کا مقصد ختم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ سے سیریز کھیلنے کے لیے باضابطہ معاہدہ نہیں ہوا صرف ایم او یو سائن کیا گیا تھا۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیریز کی امید اب بھی باقی ہے اور اور ہماری بھرپورکوشش ہے کہ سیریز شیڈول کیمطابق ہو جب کہ ابھی ایسا نہیں کہا جاسکتا کہ بھارت نے ہمیں دھوکا دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان دسمبر میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز متحدہ عرب امارات میں طے پائی تھی تاہم دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث اب اس سیریز کے امکانات کم ہوچکے ہیں۔

گزشتہ روز سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے بھی کہا تھا کہ بگ تھری میں بھارت کو ووٹ دینے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیریز کو بحال کرنا ہے مگر اس کا فائدہ نہیں ہوا اور ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے ۔۔