سی ڈی اے اور وزارت نیشنل ہیلتھ کی نا اہلی؛ اسلام آباد میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی کے خطرات بڑھ گئے

اتوار 6 ستمبر 2015 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) سی ڈی اے اور وزارت نیشنل ہیلتھ کی جانب سے اسلام آباد میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ جڑواں شہروں میں گزشتہ سالوں کی طرح بھرپور اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ڈینگی کے مریضوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ وزارت نیشنل ہیلتھ کے ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں میں ڈینگی وائرس سے بچاؤ کیلئے موثر حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے وائرس کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

وفاق دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں پانی کے جوہڑ موجود ہیں جن کو ختم کرنے کیلئے سی ڈی اے حکام نے اب تک کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے پوش علاقے جناح سپر مارکیٹ کے قریب گزشتہ کئی ہفتوں سے پینے کے پانی کے پائپس لیک ہیں اور پانی ایک چھوٹے تالاب کی شکل اختیار کر چکا ہے جہاں پر مقامی ٹیکسی ڈرائیور اپنی گاڑیاں دھونے میں اسی طرح دیگر علاقوں میں گندے اور صاف پانی کے جوہڑ موجود ہیں جو ڈینگی کے پھیلاؤ کا ذریعہ بن رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ امسال ڈینگی کے مریضوں میں کمی کی بجائے اضافہ ہو گا۔