سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بنی فلم ” منٹو“11ستمبر کوریلیز ہو گی

پیر 7 ستمبر 2015 11:19

سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بنی فلم ” منٹو“11ستمبر کوریلیز ہو گی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء)اردو کے معروف افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بنائی جانے والی پاکستانی فلم ’منٹو‘ کے ہدایتکار سرمد کھوسٹ کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس فلم کے ذریعے منٹو کا پیغام پھیلانے کی کوشش کی ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ اس کا اثر کس حد تک ہوتا ہے۔انھوں نے یہ بات لاہور کی الحمرا آرٹ کونسل میں منعقدہ ایک تقریب میں کہی جو فلم سے وابستہ افراد کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی۔

یہ فلم 11 ستمبر کو ملک بھر میں 50 سکرینوں پر نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔فلم کا سکرپٹ شاہد ندیم نے تحریر کیا ہے جس میں منٹو کی پْر آشوب زندگی کے واقعات کے ساتھ ساتھ ان کی 13 کہانیوں سے اخذ شدہ مناظر بھی شامل کیے گئے ہیں۔ منٹو یقینا منوں مٹی تلے دبا مسکرا رہا ہو گا کہ ساری عمر سینسر بورڈ والے میرے پیچھے پڑے رہے ، میری تحریروں پر پابندی لگاتے رہے اور مجھ پر مقدمے قائم کرتے رہے۔

(جاری ہے)

۔۔لیکن آج سینسر کی قینچی سے آزاد ایک پاک صاف منٹو پاکستان آ رہا ہے۔فلم میں فیصل قریشی، ہمایوں سعید، صبا قمر، نمرہ بْچہ، ثانیہ سعید، نادیہ افگن اور ماہرہ خان نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جبکہ منٹو کا مرکزی کردار خود سرمد کھوسٹ نے ادا کیا ہے۔سرمد کھوسٹ نے کہا کہ منٹو کا کردار ایک پیچیدہ شخصیت کا ہے اور ایسے پہلو دار کردار کو ادا کرنا کسی بھی آرٹسٹ کا خواب ہوتا ہے۔

انھوں نے فلم کے ایک مکالمے کا حوالہ دیا جس میں منٹو کہتا ہے کہ میں آگ بیچتا ہوں صفیہ آگ۔ سرمد کھوسٹ نے کہا کہ ہم نے اِس فلم کے ذریعے منٹو صاحب کی آگ ہر طرف پھیلا دی ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ اِس سے کتنے لوگ تپش حاصل کرتے ہیں۔فلم میں منٹو کی اہلیہ صفیہ کا کردار اداکارہ ثانیہ سعید نے ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’حقیقی زندگی سے لیا ہوا کوئی کردار ادا کرنا آرٹسٹ کے لیے آسان نہیں ہوتا مگر میں نے یہ چیلنج قبول کیا۔