مینز والی بال ورلڈ کپ کل شروع ہوگا، روسی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی

پیر 7 ستمبر 2015 11:53

مینز والی بال ورلڈ کپ کل شروع ہوگا، روسی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی

ٹوکیو۔ 7 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) ایف آئی وی بی والی بال مینز ورلڈ کپ کا آغازکل منگل سے جاپان میں ہو گا۔ ریکارڈ چھ مرتبہ کی عالمی چیمپئن روس کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ایونٹ میں دنیا بھر سے ٹاپ 12 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی اور ان ٹیموں کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں میزبان جاپان، اٹلی، امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا اور مصر جبکہ گروپ بی میں دفاعی چیمپئن روس، پولینڈ، ارجنٹائن، ایران، وینزویلا اور تیونس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

میگا ایونٹ آئندہ برس برازیل میں شیڈول ریو اولمپکس گیمز کے سلسلے میں کوالیفائنگ ایونٹ ہے اور ٹاپ دو ٹیمیں میگا گیمز تک رسائی حاصل کریں گی۔ برازیل میزبان ہونے کی وجہ سے پہلے ہی گیمز میں جگہ بنا چکا ہے۔ افتتاحی روز گروپ اے اور بی میں تین، تین میچز کے فیصلے ہوں گے، گروپ اے میں کینیڈا کا مقابلہ اٹلی، امریکہ کا مقابلہ آسٹریلیا اور میزبان جاپان کا مقابلہ مصر سے ہو گا، گروپ بی میں ارجنٹائن کا مقابلہ ایران اور پولینڈ کا تیونس سے ہو گا جبکہ روس کی ٹیم وینزویلا کے خلاف میچ سے ٹائٹل کے دفاع کی مہم کا آغاز کرے گا۔ واضح رہے کہ ایونٹ کا فائنل 23 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔