قومی کھیل ہاکی کو صحیح ڈگر پر لانے کیلئے درست فیصلے کرنے ہونگے،میر ظفر اللہ جمالی

پیر 7 ستمبر 2015 13:02

قومی کھیل ہاکی کو صحیح ڈگر پر لانے کیلئے درست فیصلے کرنے ہونگے،میر ..

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف) کے سابق صدر میر ظفر اللہ جمالی نے کہا ہے کہ پی ایچ ایف میں کی گئی تقرریاں وزیر اعظم نوز شریف کی ہدایات کے خلاف ہیں، ہاکی کو صحیح ڈگر پر لانے کیلئے درست فیصلے کرنے ہونگے۔غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر میر ظفر اللہ جمالی کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف میں سیکریٹری شہباز احمد سمیت جتنی بھی تقرریاں کی گئی ہیں وہ ان کے لیے قابل قبول نہیں ہیں کیونکہ جو کچھ بھی ہوا ہے وہ وزیراعظم کی واضح ہدایات کے قطعاً خلاف ہے، میر ظفر اللہ جمالی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے موٴقف سے ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہیں، اگر پی ایچ ایف انتظامیہ قومی ہاکی کو صحیح ڈگر پر لانے میں سنجیدہ ہے تو پھر اسے درست فیصلے کرنے ہونگے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن انچیف، وزیر اعظم نواز شریف نے نئے سیٹ اپ کی تشکیل کی ذمہ داری میر ظفر اللہ جمالی کو سونپی تھی اور بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے سیکریٹری اعجاز چوہدری کو ہدایت کی تھی کہ قومی ہاکی سے متعلق تمام فیصلے میر ظفر اللہ جمالی کی مشاورت سے کئے جائیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے صدر بریگیڈئر ( ریٹائرڈ ) خالد سجاد کھوکھر نے فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد کے ساتھ ظفر اللہ جمالی سے ملاقات کی لیکن میر ظفر اللہ جمالی نے ان پر واضح کر دیا کہ سیکریٹری سمیت جتنی بھی دیگر تقرریاں کی گئی ہیں وہ ان کے لئے قابل قبول نہیں ہیں کیونکہ جو کچھ بھی ہوا ہے وہ وزیراعظم کی واضح ہدایات کے قطعاً برخلاف ہے۔