بھارت ‘ آندھر پردیش اور اڑیسہ میں بجلی گرنے سے 32 افراد ہلاک ‘ متعدد زخمی

پیر 7 ستمبر 2015 13:06

بھارت ‘ آندھر پردیش اور اڑیسہ میں بجلی گرنے سے 32 افراد ہلاک ‘ متعدد ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) بھارت کی جنوب مشرقی ریاست آندھر پردیش میں حکام کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے سے 23 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔سرکاری میڈیا کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباوٴ میں کمی کے سبب زبردست بارش اور بجلی گرنے سے یہ اموات ہوئی ہیں۔ریاست کے وزیراعلیٰ کے دفترنے ان اموات کی تصدیق کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ اموات نالور، پرکاسم، گنتور، کرشنا، مشرقی گوداوری، اننت پور اور سریکاکولم اضلاع میں ہوئیں۔وزیر اعلی چندربابو نائیڈو نے حالات کا جائزہ لیا اور آسمانی بجلی کی زد میں آ کر مرنے والوں کے لواحقین کے لیے چار چار لاکھ معاوضے کا اعلان کیا ہے اڑیسہ میں آسمانی بجلی سے کم از کم 9 افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بجلی کے گرنے کو ریاست میں قدرتی آفات میں شامل کیا گیا ہے اور گذشتہ پانچ سال کے دوران ریاست میں 1500 افراد آسمانی بجلی کی زد میں آکر اپنی جان گنوا بیٹھے ۔

دوسری جانب بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 61 ہو گئی ۔آسام میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے مطابق رواں سال چوتھی بار آنے والے سیلاب میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔یہ اموات دلگاوٴں، ڈبروگڑھ، جگی روڈ اور برکھیتری علاقوں میں ہوئی۔حکام کے مطابق سیلاب کی وجہ سے 20 اضلاع میں تقریباً 18 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور ریاستی حکومت کی جانب سے مختلف اضلاع میں قائم کیے جانے والے 277 ریلیف کیمپوں میں تقریباً دو لاکھ افراد رہ رہے ہیں۔

حکام کے مطابق تازہ سیلاب سے ریاست میں جنگلی حیوانات کی دو اہم پناہ گاہیں قاضی رنگا نیشنل پارک اور پابیتورا وائلڈ لائف سینکچوئری متاثر ہوئیں۔آسام کے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے ریاست کے 20 اضلاع میں 1880 گاوٴں کے ڈوبنے کے بارے میں بتایا۔ریاست کے وزیر اعلیٰ ترون گوگوئی کے مطابق مرکزی حکومت سے سیلاب سے نمٹنے کے لیے 500 کروڑ کی عبوری امداد طلب کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :