انتقال اقتدار :بلوچستان میں حکو مت سازی کیلئے (ن) لیگ نے ہوم ورک شروع کر دیا

پیر 7 ستمبر 2015 14:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان میں حکومت سازی اور انتقال اقتدارکیلئے ہوم ورک شروع کردیا،معاہدہ مری کے تحت بلوچستان کی صوبائی حکومت اقتدار مسلم لیگ (ن) نومبر میں سنبھالے گی،نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے صوبائی صدر اورسینئر صوبائی وزیر سردار ثنا اللہ زہری رواں ہفتے اسلام آباد پہنچیں گے، اس موقع پر وہ صوبائی کابینہ میں رد وبدل سمیت اہم امور پر پارٹی کی مرکزی قیادت سے صلاح مشورہ کریں گے، معاہدہ مری کے تحت بلوچستان کی صوبائی حکومت کا اقتدار نومبرمیں (ن) لیگ کے حوالے کردیا جائے گا،رپورٹ کے مطابق سردار ثنا اللہ زہری صوبے کی سیاسی اور امن و امان کی صورت حال سمیت ناراض بلوچوں سے جاری مذاکراتی عمل پر بھی پارٹی قیادت کوآگاہ کریں گے، یاد رہے کہ 11 مئی2013 کے انتخابات کے بعد مسلم لیگ(ن)، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے درمیان مری میں ہونے والے معاہدے کے مطابق صوبے کی وزارت اعلیٰ کا قملدان ڈھائی سال کے لئے نیشنل پارٹی کو دیا گیا جس کے بعد اگلے ڈھائی سال کے لئے مسلم لیگ (ن) صوبے میں اپنی حکومت قائم کرے گی۔