8ستمبر 1965ء کے دن قومی اخبارات میں شائع شدہ خبریں

پیر 7 ستمبر 2015 15:09

8ستمبر 1965ء کے دن قومی اخبارات میں شائع شدہ خبریں

اسلام آباد ۔ 7 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) 8 ستمبر 1965ء کے دن قومی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق پاکستان اور بھارت میں شروع ہوگئی۔ فضائی جنگ میں 22بھارتی طیارے ‘ 10 ٹینک اور 50 گاڑیاں تباہ کردی گئیں ‘ پہلے دن کی جنگ میں 800 بھارتی فوجی مارے گئے ۔ پاک فوج کے شیر دل جوانوں نے لاہور پر تین اطراف سے بھارت کا زبردست حملہ پسپا کردیا۔

پاکستان پر بھارتی حملے نے ملک بھر میں جوش جہاد پیدا کردیا‘ بھارتی فوج لاشیں اور اسلحہ چھوڑ کر میدان جنگ سے فرار ہوگئی ‘ صدر محمد ایوب خان نے بھارتی چیلنج قبول کرکے قوم کے حوصلے بلند کردیئے۔ 8 ستمبر 1965ء کے دن اخبارات میں شائع شدہ خبروں کے مطابق بھارت نے اپنی روایتی بزدلی اور سامراجی عیاری کے ساتھ آج صبح لاہور کی سرحد پر تین طرف سے زبردست حملہ کردیا لیکن پاکستان کی عظیم افواج نے جوابی کارروائی کرکے دشمن کے دانت کھٹے کردیئے اور 800بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا ‘صرف ایک علاقے میں دشمن کی 200 لاشیں گنی گئیں۔

(جاری ہے)

دشمن کی فوجیں جو جسڑ ‘ بیدیاں اور واہگہ کے علاقوں سے سرزمین پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور پر حملہ کرنے کے ناپاک ارادے سے سرحد پار کر کے آئیں تھیں جوابی حملے کی تاب نہ لا سکیں اس کے ساتھ ساتھ پاکستان فضائیہ نے جب دشمن پر حملے شروع کئے تو بھارت 22 طیارے تباہ کردیئے گئے ان میں سے 13 طیارے پٹھان کوٹ کے ہوائی اڈے پر 8 لاہور کے قریب اور ایک وزیر آباد کے قریب گرایا گیا۔

بھارت ان 22تباہ شدہ طیاروں میں 9 روسی ساختہ طیارے بھی شامل ہیں جو آواز سے زیادہ تیز ہیں ۔

اس کے علاوہ بھارت کے 10 ٹینک اور 50 فوجی گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ کردی گئیں۔اس دن اخبارات کی شاح سرخیوں میں صدر فیلڈ مارشل محمد ایوب خان کا فوج کو ”آگے بڑھو اور دشمن کو تباہ کردو“ کا حکم بھی نمایاں رہا اس خبر کے مطابق صدر محمد ایوب خان نے پورے ملک میں ہنگامی حالت کا اظہار کرتے ہوئے دو مرتبہ قوم سے خطاب کیا اور کہا کہ بھارت نے اپنی روایتی بزدلی کا ثبوت دیتے ہوئے جنگ کا اعلان کئے بغیر پاکستان کی مقدس سرزمین پر جو حملہ کیا ہے اس کا ایک ہی جواب ہے اور وہ یہ کہ ہم ان کے حملے کا ایسا منہ توڑ جواب دیں کہ بھارتی حکمرانوں کے ناپاک سامراجی عزائم کا خاتمہ ہو جائے۔

صدر ایوب نے بھارت کے جنگی جنونی لیڈروں کو انتباہ کیا کہ انہیں شاید اس کا احساس نہیں کہ انہوں نے کس قوم کو للکارا ہے ۔صدر ایوب خان نے کہا کہ تاریخ میں لاہور کے دلیروں کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا کہ انہیں کے ہاتھوں دشمن کا ہمیشہ خاتمہ ہوا۔

انہوں نے بھارتی بزدل لیڈوروں کو بتایا کہ پاکستان کے 10کروڑ عوام جن کے دل کی دھڑکن میں لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ کی صدا گونج رہی ہے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گے جب تک کہ دشمن کی توپیں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاموش نہ ہو جائیں۔

اس دن کی شائع خبروں کے مطابق پاکستان پر بھارتی حملے نے ملک بھر میں جوش جہاد پیدا کردیا اور صدر ایوب نے بھارتی چیلنج قبول کرکے قوم کے حوصلہ بلند کردیئے۔ جس پر ملک بھر میں صدر ایوب خان کے اقدام کا خیر مقدم کیا گیا ‘ خبر کے مطابق شہریوں نے صدر فیلڈ مارشل محمد ایوب خان کی تقریر بڑھی توجہ اور غور سے سنی اور جب صدر نے کہا کہ ”آگے بڑھو اور دشمن کو منہ توڑ جواب دے دو“ تو فضاء صدر ایوب زندہ باد ‘ پاکستان زندہ باد ‘ قائداعظم زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔

اس دن کے اخبارات میں پاک فضائیہ کے کمانڈر انچیف ایئر وائس مارشل نور خان کا پیغام بھی شائع ہوا‘ جس میں انہوں نے پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ فتح ہماری ہوگی۔اس دن شائع شدہ خبروں کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان چھڑ جانے والی جنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس ہوا جس میں رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق بھارت نے پاکستان پر 4 ڈویژن فوج سے حملہ کیا۔