پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کو 10ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے، یہ نقصان 6سے 7 سال قبل کا ہے، گزشتہ مالی سال میں ادارے کو ایک ارب روپے کا منافع ہوا ہے،قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں انکشاف

پیر 7 ستمبر 2015 16:05

پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کو 10ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے، یہ نقصان ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کو اس وقت 10ارب روپے کے نقصان کا سامنا ہے، یہ نقصان 6سے 7 سال قبل کا ہے، گزشتہ مالی سال میں ادارے کو ایک ارب روپے کا منافع ہوا ہے، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی محمد مالک نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پی ٹی وی کو ٹوٹل 4 ارب روپے کا بجٹ ملتا ہے، جس سے ہم کوشش کر رے ہیں کہ اپنے تمام اخراجات کو پورا کریں، ہم اس وقت تمام نجی ٹیلی ویژن چینلز سے زیادہ ریونیو حاصل کر رہے ہیں، ادارے میں 2200لوگوں کی ترقی رکی ہوئی ہے، جس کیلئے ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں تا کہ اس معاملے کو حل کیا جائے، جعلی ڈگریوں کے معاملے پر کمیٹی کو ایم ڈی پی ٹی وی نے بتایا کہ 80 سے زائد لوگوں کو برطرف کیا گیا جس پر کمیٹی نے ہدایت جاری کی کہ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے تا کہ کریمنل ایکٹ کے مطابق ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر کمیٹی سردار عاشق گوپانگ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ کی مالی 2007-08 کی آڈٹ رپورٹس پیش کی گئیں۔ آڈٹ حکام نے پی ٹی وی کی آڈٹ رپورٹ میں جب نقصان کی نشاندہی کی تو منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی محمد مالک نے کمیٹی کو بتایا کہ اس وقت ادارے کو 10 ارب روپے نقصان کا سامنا ہے،جس پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے، پچھلے مالی سال میں ایک ارب روپے کا منافع پی ٹی وی نے کمایا اور یہ نقصان 6 سے 7سال قبل کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ یہ ادارہ منافع بخش ادارہ بنے، ہمارا ٹوٹل بجٹ چار ارب روپے ہے، لوگ یہ کہتے ہیں کہ ان کا بجٹ زیادہ ہے اور ہم اس وقت سب سے زیادہ چینلز چلا رہے ہیں، کوئی نجی ٹی وی بلوچ زبان میں پروگرام نشر نہیں کر رہا ہے مگر پی ٹی وی کر رہا ہے، نجی چینلز بڑے بڑے سائن بورڈز لگا کر اپنی تشہیرکر رہے ہیں، مگر ہم بوسٹرز نصب کر رہے ہیں،2007 میں اشتہارات کی آمدن ایک ارب روپے تھی اب یہ تین ارب سے زائد ہے اور ہماری نشریات دوردراز کے علاقوں میں جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلی دفعہ اپوزیشن کے موقف کو پی ٹی وی پر دکھایا اور اس کا سہرا بلا شبہ موجودہ حکومت کے سر بھی ہ، ہم خواتین اور بچوں کے مسائل کے علاوہ زراعت پر نومبر سے پروگرام ترتیب دے رہے ہیں اور بالخصوص زراعت کے حوالے سے ہفتے میں 5دن ایک گھنٹے کا پروگرام نشر کیا جائے گا۔