سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 20 اضلاع میں انتخاب ہوں گے

پیر 7 ستمبر 2015 16:19

اسلام آباد/کراچی/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 20 اضلاع میں انتخاب ہوں گے جن کیلئے پیر سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیاپنجاب کے جن اضلاع میں پہلے مر حلے میں انتخابات ہوں گے۔ ان میں لودھراں،وہاڑی،اوکاڑہ،پاک پتن،بہاول نگر،فیصل آباد،بھکر،لاہور،قصور،ننکانہ صاحب،گجرات اور چکوال شامل ہیں۔

ان اضلاع میں جن امیدواروں کا انتخاب ہوگا ان میں یونین کونسل کے ارکان ، چیئرمین اور وائس چیئرمین یا وارڈ کے ارکان شامل ہیں ۔سندھ کے جن 8 اضلاع میں 31 اکتوبر کو انتخاب کرائے جائیں گے ان میں سکھر،خیرپور،گھوٹکی،لاڑکانہ،شکارپور،جیکب آباد،کشمور کندھکوٹ اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان انتخابات میں جن امیدواروں کو چنا جائے گا ان میں یونین کونسل کے ارکان ، چیئرمین ، وائس چیئرمین ہر یونین کونسل سے ڈسٹرکٹ کونسل کا ایک رکن،ہر وارڈ سے میونسپل کارپوریشن اور ٹاؤن کمیٹی کے ایک ایک رکن کا براہ راست انتخاب شامل ہیں ۔

پہلے مرحلے کے لیے کاغذات نامزدگی 7 سے 11 ستمبر تک جمع کرائے جائیں گے۔12 سے 17 ستمبر کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی ‘منظور کیے گئے کاغذات پر اعتراضات پر اپیلیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 ستمبر مقرر کی گئی ہے ان اپیلوں پر فیصلہ 30 ستمبر کو سنایا جائے گا ۔ نامزد امیدوار یکم اکتوبر تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست دو اکتوبر کو شائع کی جائے گی اور 31 اکتوبر کو پولنگ کا حتمی مرحلہ آئے گا۔