لاہورپریس کلب کے زیراہتمام ہونے والاپہلا فلڈلائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ ایکسپریس نیوزکی ٹیم نے جیت لیا

پیر 7 ستمبر 2015 16:37

لاہورپریس کلب کے زیراہتمام ہونے والاپہلا فلڈلائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ ایکسپریس ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) ایکسپریس نیوزکی ٹیم نے اے آروائی نیوزکوشکست دیکرلاہورپریس کلب کے زیراہتمام ہونے والاپہلا فلڈلائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ سیمی فائنل اورفائنل میچ کو دیکھنے کے لئے صحافیوں اور تماشائیوں کی بڑی تعدادگراؤنڈ میں موجودتھی۔کرکٹ میچ ایک میلے کی شکل اختیارکرگیا۔6ستمبر کے حوالے سے گراؤنڈ میں شائقین سبزہلالی پرچم لہراتے رہے اورسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتارہا۔

ساراوقت قومی نغمے اورجنگی ترانے چلتے رہے پریس کلب کے معزز ممبران کی فیملیزکے لئے بیٹھنے کاعلیحدہ انتظام کیاگیاتھا اس موقع پر بچوں کے لئے جمپنگ کیسل اورکھانے پینے کے کے مختلف سٹالزبھی لگائے گئے تھے۔ایکسپریس نیوزکی فاتح ٹیم کوقومی اسمبلی کے سابق سپیکرسردارایازصادق نے ٹرافی اورایک لاکھ روپے نقد انعام جبکہ رنراپ ٹیم اے آروائی کوٹرافی اورپچاس ہزارروپے کانقد انعام دیاگیاوقت کی کمی کے باعث تیسری پوزیشن کے لئے میچ نہ ہوسکاآرگنائزنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق سٹی 42اور اے پی پی دونوں ٹیموں کوتیسرے نمبرپررکھاگیااور اعلان کیاگیا کہ آئندہ چند روز میں پریس کلب میں ایک تقریب کے دوران دونوں ٹیموں کے کپتانو ں کو ٹرافیاں دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

سیمی فائنل اور فائنل میچ کے مہمان خصوصی قومی اسمبلی کے سابق سپیکر مسلم لیگ ن کے رہنما سردا ر ایاز صادق نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کی ٹرافی آے آر وائی کے نعیم حنیف کو دی گئی۔جبکہ ایکسپریس نیوز کے اویس کو ٹورنامنٹ کا بہترین باولر قرار دیاگیااوروہ فائنل میچ کے بھی مین آف دی میچ قرار پائے۔ٹورنامنٹ کا انعقاد غوری ٹائر ااور ٹیوب کے اشتراک سے کرایا گیا۔

10روز جاری رہنے والے کرکٹ ٹورنامنٹ میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا اور نیوز ایجنسیوں کی 32ٹیمیں شریک ہوئیں۔ان میچوں کی خوبصورتی یہ تھی کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی ٹیموں کی جانب سے ایڈیٹرز بیوروچیف،کالم نویس اور اینکر پرسن نے کرکٹ میں بھی اپنے فن کے جوہر دیکھائے۔فائنل اور سمی فائنل کو دیکھنے کے لیے مہمانوں میں کرکٹ سٹار وہاب ریاض،عمر اکمل،ڈی آئی جی لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف،ڈی سی او کیپٹن ر عثمان،اینکرپرسن آفتاب اقبال،سلمان حسن،مسعودرضا،شاہدقادر اداکارہ میرا،میگھا،مریم علی حسین،عابدہ عثمانی،عریشمہ،حیدر سلطان،حمیرا ارشد،وارث بیگ،مظہر راہی کے علاوہ سول سوسائٹی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔

کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پرلاہور پریس کلب کے نائب صدر چیئرمین سپورٹس کمیٹی ندیم بسرا،سیکرٹری سپورٹس کمیٹی فرخ عطاء بٹ کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔جبکہ دیگر اراکین سپورٹس کمیٹی سرفراز احمد،زاہد مقصود،تقویم ملت شاہ،سید علی ہاشمی،غلام مصطفی باجوہ گورننگ باڈی اراکین رضوان خالد،شعیب عزیز،اعجاز وسیم باقری،موسی وڑائچ،اشرف چودھری،آصف بھٹی،راجہ حیدر،فاروق یوسف کلب کلچر کمیٹی کے چیئرمین نعیم حنیف،ٹھاکر لاہوری،ظہیرشیخ ،قیصر افتخار اور دیگر کو بھی اس ٹورنامنٹ کے انعقاد پر سویئنر دیے گئے۔

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور غوری ٹائر اور ٹیوب کی جانب سے نعیم میر نے آرگنائزنگ کمیٹی کے لیے 50،50ہزار روپے جبکہ انٹرنیشنل کرکٹر عاصم حیات خان کو بہترین کمنٹری کرنے پر 20،20ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔اختتامی تقریب سے صدر ارشد انصاری،نائب صدر ندیم بسرا،اور سیکرٹری افضال طالب نے بھی خطاب کیا۔اور ٹورنامنٹ کے انعقا دپر مہمانوں اور خصوصا آرگنائنگ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔

صدر ارشد انصار ی نے اعلان کیا کہ انہیں موقع ملا تو وہ انشاء اللہ ہرسال ایسا کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرواتے رہیں گے۔فائنل میچ سے قبل ایک شاندار میوزیکل تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں نامور گلوکار علی عباس،مسرت عباس نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔جبکہ عریشمہ کی ڈھول پرفارمنس کو بھی بہت سراہاگیا۔ اس موقع پر لاہور پریس کلب صدرارشد انصاری کاکہناتھاکہ پریس کلب نے لاہورکی تمام صحافی برادری کے لئے ہمیشہ تفریح اوران کی فلاح وبہبود کے لئے پروگرامزترتیب دیئے ہیں اور میڈیاکرکٹ ٹورنامنٹ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں میڈیا ہاؤسز سے وابستہ پریس کلب کے ممبران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

ان کا کہناتھاکہ صحافی ملک و قوم کودرپیش مسائل کو اجاگر کرنے میں دن رات ہمہ وقت مصروف عمل رہتے ہیں جس کے باعث انھیں تفریح کے مواقع بہت کم ملتے ہیں اور اسی بات کو مدنظر رکھ کر پریس کلب ہمیشہ تفریح طبعہ کے پروگرامز ترتیب دیتارہتاہے۔ انھوں نے6 ستمبر کے حوالے سے پاک فوج کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اپنی فوج پر نازہے جوقوم کی حفاظت کے لئے ہروقت چوکس ہے ۔

پہلا سیمی فائنل اے آر وائی اور اے پی پی کے درمیان کھیلا گیا جس میں اے آر وائی نے کامیابی سمیٹ کر فائنل میں جگہ بنائی۔ دوسرے سیمی فائنل میں ایکسپریس ٹیم نے اپنے 36 رنز کے ٹارگٹ کا دفاع کرتے ہوئے سٹی 42 ٹی وی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی۔ فائنل میں اے آر وائی اور ایکسپریس نیوز کی ٹیمیں مد مقابل ہوئیں جس میں اے آر وائی ٹیم بڑا سکور بنانے میں ناکام رہی تاہم ایکسپریس نیوز کی ٹیم نے آخری اوور میں مقررہ ہدف پورا کر کے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

متعلقہ عنوان :