کشن گنگا ڈیم؛ پاکستان کا بھارت سے مذاکرات ختم کر کے ثالثی عدالت جانے کا فیصلہ

بھارت پاکستان کے حق کو تسلیم نہیں کررہا ،جلد ورلڈ بینک کو خط لکھیں گے،انڈس واٹر کمشنر مرزا آصف بیگ

پیر 7 ستمبر 2015 17:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) پاکستان نے کشن گنگا ڈیم اور رتلے آبی منصوبوں سے متعلق بھارت کی طرف سے عدم تعاون پر عالمی فورم سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیاہے،نجی ٹی وی کے مطابق کشن گنگا ڈیم اور رتلے آبی منصوبوں سے متعلق پاکستانی حکام کی بھارت کے ساتھ ہونے والی متعدد نشستوں میں بات چیت نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکی اوربھارت مسلسل پاکستان کے حق کوتسلیم کرنے سے انکار کرتارہا جس کے بعد انڈس واٹرکمشنر نے مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں اب پاکستان کی طرف سے حکومتی سطح پربھارت کوخط کے ذریعے معاملے پرتفصیلی آگاہ کیاجائے گاجس کے بعد معاملے کوثالثی عدالت لے جانے کے لیے عالمی بینک کوبھی خط لکھاجائے گا، انڈس واٹر کمشنر مرزاآصف بیگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ اس وقت 5مختلف ایشوزپر بات چیت چل رہی ہے تاہم ان میں سے کشن گنگااور رتلے سے متعلق مذاکرات کسی نتیجے پرنہیں پہنچ سکے جس کے باعث اب ان ایشوزکے حل کے لیے پاکستان نے غیرجانبدار ماہرین کے پاس جانے کافیصلہ کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیشن کی سطح پران ایشوزکو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی تاہم بھارت کے عدم تعاون اور غیرسنجیدہ رویے کے باعث ہم ان میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ انھوں نے کہاکہ اس کے لیے عنقریب ورلڈبینک کوبھی خط لکھا جائیگا۔