وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں کے اراکین پارلیمنٹ کا قبائلی علاقوں کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کرانے کے لیے آئینی ترمیم لانے کا اعلان

بل منظور نہ کیا گیا تو پھر ہم الگ صوبے کا مطالبہ کریں گے،فاٹا ارکان پارلیمنٹ کی مشترکہ پریس کانفرنس

پیر 7 ستمبر 2015 21:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء) وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں کے اراکین پارلیمنٹ نے قومی اسمبلی میں آئین میں ترمیم کابل پیش کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت قبائلی علاقوں کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کاکہاجائیگااور کہا ہے کہ اگر یہ بل منظور نہ کیا گیا تو پھر ہم الگ صوبے کا مطالبہ کریں گے۔پیرکواسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاٹا سے سینیٹرز اور قومی اسمبلی کے ممبران نے کہاکہ قبائلی عوام موجودہ نظام سے تنگ آچکے ہیں کیونکہ انہیں دیگرپاکستانیوں کی طرح حقوق حاصل نہیں ہیں انہوں نے کہاکہ آئینی ترمیمی بل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کی جائے گی اور انہیں امید ہے کہ یہ بل دو تہائی اکثریت سے منظور ہوجائیگا پارلیمنٹرین گروپ کے سربراہ اورخیبرایجنسی سے رکن قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں قبائلی علاقوں کو ضم کرنے کی مہم میں فاٹا سے مسلم لیگ ن، جمعیت علماء اسلام ف ،پی ٹی آئی اور آزاد گروپ کے اراکین نے بل پردستخط کئے ہیں انہوں نے کہاکہ فاٹا میں مخصوص حالات کیوجہ سے انہیں پاکستانی شہری تصورنہیں کیاجارہاہے انہوں نے کہاکہ آئینی ترمیمی بل کے ذریعے فاٹا کوقومی ادارے میں لاناچاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ بل میں صوبوں کی طرح فاٹا کا ایک منتخب کونسل کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے جو وزرائے اعلیٰ کی طرح اپنا چیف ایگزیکٹو منتخب کریگا اور گورنر کے اختیارات انہیں حاصل ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر حکومت کو یہ تجاویز پسند نہ ہوں تو پھر ہمارا تیسرا مطالبہ قبائلی علاقوں کو الگ صوبہ قرار دینے کاہوگا ۔حاجی آفریدی نے کہاکہ وہ ابھی صوبے کامطالبہ اس لئے نہیں کررہے ہیں کیونکہ ایم کیوایم کراچی کوہزارہ کے لوگ ہزارہ صوبے، جنوبی پنجاب کے لوگ اپنے صوبے اور بلوچستان کے پشتون اپنے لئے الگ صوبے کامطالبہ کرینگے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے گورنر کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گورنر اورسرحدات اورریاستوں کی وزارت دونوں اختیارات کی جنگ میں مصروف ہیں اور دونوں نے قبائلی عوام اورقبائلی علاقوں کونظرانداز کردیاہے ۔

ایک سوال پر حاجی آفریدی نے کہاکہ وہ قبائلی علاقوں سے فوج کی باعزت طریقے سے واپسی کے خواہشمند ہیں۔ اس موقع پر باجوڑ سے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان نے کہاکہ قبائلی لوگوں کواپنے ملک میں غیرتصور کیاجاتاہے انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام موجودہ نظام میں اپنے آپ کو محفوظ تصورنہیں کرتے اوراسی لئے وہ صوبے میں شامل ہوناچاہتے ہیں۔