محمد حفیظ کوڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ایونٹ میں باؤلنگ کرنے کی اجازت مل گئی

منگل 8 ستمبر 2015 13:18

محمد حفیظ کوڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ایونٹ میں باؤلنگ کرنے کی اجازت مل گئی

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار8ستمبر ۔2015ء )قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے سابق کپتا ن محمد حفیظ کو آج سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ایونٹ میں باؤلنگ کرنے کی اجازت مل گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلی حکام نے اس حوالے سے حفیظ کو گرین سگنل دے دیا ہے جس کے بعد آل راؤنڈر آ ج اپنی ٹیم لاہوروائٹس اور اسلام آباد ریجن کے مابین راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول میچ میں باؤلنگ کر یں گے ۔

اس بارے میں آئی سی سی کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگر کسی کھلاڑی پر انٹر نیشنل کرکٹ میں باؤلنگ کرنے پر پابندی عائد ہو تو متعلقہ کرکٹ بورڈ اسے ڈومیسٹک کرکٹ میں باؤلنگ کرنے کی اجازت دے سکتا ہے ، مذکورہ عہدیدار کے مطابق اس اجازت کا مقصد اس باؤلر کے ایکشن کی جانچ پڑتا ل کرنا ہوتا ہے اور اگر اسکا بورڈ مطمئن ہو تو وہ آئی سی سی سے اس کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ دوبارہ لینے کی درخواست بھی کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ محمد حفیظ کا ایکشن پہلی مرتبہ نومبر 2014ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے دوران رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد آئی سی سی نے ان پر پابندی عائد کر دی تھی ،اپریل 2015ء میں انہوں نے اپنا باؤلنگ ایکشن چنائی کی لیب سے کلیئر کروایا تاہم سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کے دوران ان کا ایکشن ایک بار پھر رپورٹ ہوا جس کے بعد باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کا نتیجہ انکے خلاف آنے کے بعد آئی سی سی نے ان پر ایک سال تک انٹر نیشنل کرکٹ میں باؤلنگ کروانے پر پابندی عائد کر دی ۔