”ہتھ ہولا رکھ اوئے“پاکستان کرکٹ بورڈ نے سزا یافتہ محمد آصف کو جارحانہ بیانات دینے سے روک دیا

منگل 8 ستمبر 2015 13:31

”ہتھ ہولا رکھ اوئے“پاکستان کرکٹ بورڈ نے سزا یافتہ محمد آصف کو جارحانہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سزا یافتہ سابق قومی کرکٹر محمد آصف کو جارحانہ بیانات دینے سے روک دیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اپنے لئے مزید مسائل پیدا نہ کریں اور بحالی پروگرام پر توجہ ملحوظ رکھیں۔یہ ہدایات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جبکہ محمد آصف نے سزا یافتہ کھلاڑیوں پر تنقید کرنے والوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ جو لوگ چاہتے ہیں کہ ہم ٹیم میں نہ آئیں وہ خود بھی باہر ہو سکتے ہیں۔

بورڈ کے ذرائع کے حوالہ سے ایک رپورٹ کے مطابق بورڈ کے ارکان میں محمد آصف کے رویہ پر تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ ان کے ساتھ سزا پانے والے محمد عامر اور سلمان بٹ بیانات سے گریز کر رہے ہیں جبکہ محمد آصف بیانات دے رہے ہیں جس سے یہ تاثر بھی ابھر رہا ہے کہ انہوں نے اپنی غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بورڈ نے ان کھلاڑیوں کے لئے جو لائحہ عمل جاری کیا ہے اس میں بھی زور دیا گیا ہے کہ یہ کھلاڑی اپنی تربیت کے دوران معذرت خواہانہ رویہ اپنائیں گے تاکہ دیگر ساتھی کھلاڑی انہیں قبول کرنے پر تیار ہو جائیں۔

ذرائع کے مطابق محمد آصف سے کہا گیا ہے کہ وہ سابق کھلاڑیوں کے بارے میں بھی جارحانہ بیانات دینے سے گریز کریں جو ان کی ٹیم میں واپسی کی کھل کر مخالفت کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ سابق کپتان رمیز راجہ سب سے زیادہ کھل کر ان لوگوں کو ٹیم میں واپس لانے کی مخالفت کر رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ان کی وجہ سے ملک و قوم کو بدنامی دیکھناپڑی ہے اس لئے ان کی کتاب میں ان لوگوں کے لئے معافی کی کوئی گنجائش نہیں۔

متعلقہ عنوان :