سا بق چیئرمین پیمرا مقدمہ منسوخی کیس

عدالت چودھری رشید احمد کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے قائم مقدمات کو ختم کرنے کا حکم جاری کرے، وسیم سجاد ایڈووکیٹ

منگل 8 ستمبر 2015 13:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیئرمین پیمرا چودھری رشید احمد کے خلاف درج مقدمہ کی منسوخی کے حوالے سے دائر کیس میں ایف آئی اے کو حج کرپشن سکینڈل کے فیصلے کی کاپی جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے 10 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔گزشتہ روز جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

درخواست گزار کی جانب وسیم سجاد ایڈووکیٹ جبکہ وفاق کی جانب سے سٹینڈنگ کونسل راجہ خالد محمود عدالت میں پیش ہوئے ۔ وسیم سجاد نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت چودھری رشید احمد کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے قائم مقدمات کو ختم کرنے کا حکم جاری کرے ۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ چودھری رشید احمد نے صرف ٹینڈر پاس کیا تھا جبکہ اے جی پی آر نے ضروری کارروائی کے بعد چیک جاری کیا تھا ۔

(جاری ہے)

اس دوران عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ ایف آئی اے نے 21 ویں گریڈ آفیسر کے خلاف انکوائری کی اجازت کس سے لی ۔ اس پر راجہ خالد محمود نے جواب دیا کہ حج سکینڈل میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انکوائری کے لئے اجازت کی ضرورت نہیں ہے ۔ عدالت نے اس دوران ریمارکس دیئے کہ زبانی کلامی کام نہیں چلے گا ۔ فیصلے کی کاپی دیں ۔جسٹس نورالحق این قریشی نے راجہ خالد محمود سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ تیاری کر کے نہیں آئے ۔تیاری کر کے آئیں پھر تکنیکی معاملے پر دلائل دیں ۔ بعدازاں عدالت نے ایف آئی اے کو حج کرپشن سکینڈل کی کاپی عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔