6ستمبردن کا ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے، مرتضیٰ جاوید عباسی

منگل 8 ستمبر 2015 16:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ 6ستمبرکا دن ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔انہوں نے کہا کہ6ستمبر 1965ء کو حق کی طاقت نے باطل قوتوں کو شکست فاش سے ہمکنار کیا اور پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو یارک میں یوم دفاع کے حوالے سے منعقد کی جانیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قائم مقام سپیکر نے 6 ستمبر 1965ء کی جنگ کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر 1965ء کے شہداہمارے حقیقی ہیروزہیں پوری قوم کو ان پر فخر ہے اور وہ ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965ء کے شہیدوں اور غازیوں نے اپنی جان پر کھیل کر ملک کا دفاع کیا اور یہ اُن ہی کی قر بانیو ں کا صلہ ہے کہ آج ہم ایک آزاد قوم ہیں ۔

(جاری ہے)

قائم مقام سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دُنیا کی بہترین مسلح افواج میں ہوتا ہے اور اس کی موجودگی میں کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ اُٹھا کر دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ6ستمبر 1965ء کو ہماری مسلح افواج اور قوم نے مل کردشمن کی اپنے سے کئی گناہ بڑی فوج کو شکست فاش دی ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارے ملک کو کئی چیلنجوں کا سامنا ہے جن سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہمیں1965ء والے قومی جذبے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع اور ملک میں سیاسی ومعاشی استحکام کیلئے ہمیں متحد ہو کرجہدوجد کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دُنیا میں صرف وہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں جو عظیم مقاصد کے حصول کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کرتی ہیں ۔

امریکہ کے اپنے دورے کے دوران قائم مقام سپیکر نے امریکہ میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کے حقیقی سفیر ہیں۔

انہوں نے دنیا بھر میں تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنی مہارت اور قابلیت کا لوہا منوایا ہے اور ملک و قوم کا نام روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ جمہوری حکومت ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی، توانائی کی قلت ، غربت اور ناخواندنگی کے خاتمے اور معیشت کی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی حمایت سے شروع کئے جانے والے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے وزیرستان میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے اور وہ جان بچانے کے لئے بھاگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کراچی میں آپریشن کے ذریعے امن و امان کی مخدوش صورتحال پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے اور اب شہر قائد ایک بار پھر سے روشنیوں کا شہر بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے،زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلندترین سطح پر ہیں اورملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے تارکین وطن پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانی ان مواقع سے بھرپور طریقے سے مستفید ہو سکتے ہیں۔انہوں نے تارکین وطن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کے لئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمند ر پار پاکستانیوں کو اپنے ملک کے سیاسی دھارے میں شامل کرنے کے لیے انہیں ووٹ کا حق استعمال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں انہو ں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تارکین وطن اپنے ملک کا نام روشن کرنے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے۔