سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے خزانہ نے ایچ ای سی کی نجکاری کے طریقہ کار کو غیر شفاف قرار دیکر تمام تفصیلات طلب کرلیں

چیئرمین نجکاری کمیشن کی عدم شرکت پر کمیٹی کا اظہار تشویش ،آئندہ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 8 ستمبر 2015 17:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے خزانہ نے ایچ ای سی کی نجکاری کے طریقہ کار کو غیر شفاف قرار دیتے ہوئے تمام تفصیلات طلب کرلی ہیں،چیئرمین نجکاری کمیشن کی عدم شرکت پر کمیٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آئندہ اجلاس میں چیئرمین نجکاری کمیشن شرکت یقینی بنائیں ورنہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

منگل کو سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر الیاس احمد بلور کی زیر صدارت میں پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا جس میں ہیوی الیکڑیکل کمپلیکس کی نجکاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی گئی ۔اجلاس میں سینیٹرز محسن عزیز ، محسن خان لغاری ، سعید غنی کے علاوہ نجکاری کمیشن کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔کمیٹی کے کنوینیر سینیٹر الیاس بلور نے نجکاری کمیشن کے چیئر مین کی اجلاس میں عدم شرکت کے متعلق استفسار کیا تو آگاہ کیا گیا کہ چیئر مین اہم سرکاری مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکتے جس پر کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کیااور کہا کہ کمیٹی اہم مسئلے پر غور کر رہی ہے چیئر مین کی عدم شرکت باعث افسوس ہے کمیٹی نے ہدایت دی کہ چیئر مین نجکاری کمیشن اگلے اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں ورنہ سخت کاروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی کی نجکاری کے حوالے سے بھی کمیٹی کے اراکین نے اہم سوالات اٹھائے اور ایچ ای سی کی نجکاری کے حوالے سے طریقہ کار کو غیر شفاف قرار دیا ۔اراکین نے کہا کہ ایچ ای سی اہم اثاثہ ہے اس کی نجکاری میں جو طریقہ کاراختیار کیا گیا ہے وہ درست نہیں کمیٹی نے اس حوالے سے بھی تمام تفصیلات طلب کر لیں اور چودہ ستمبر کو اجلاس دوبارہ طلب کر لیا گیا۔کمیٹی اجلاس میں نجکاری کمیشن کی طرف سے دیے گئے جوابات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :