نیشنل بُک فاؤنڈیشن کی جانب سے فروغ کتب بینی کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری

این بی ایف نے پچھلے دو سالوں میں قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں، ڈاکٹر انعام الحق جاوید

منگل 8 ستمبر 2015 17:59

اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن ”انقلاب بذریعہ کتاب“ کا پیغام اور اپنی فروغ کتب بینی کی مختلف سکیموں کو گھر گھر پہنچانے میں کوشاں ہے،, ریڈرز کلب ممبر شپ ہماری اہم ترین اور مقبول ترین سکیم ہے،, بُکس آن وِیلز کے توسط سے کتاب شہریوں کی دہلیز پر دستیاب ہے، این بی ایف نے پچھلے دو سالوں میں قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

اعلیٰ معیاری اور کم قیمت جنرل بُکس کے علاوہ بین الاقوامی معیار کی پہلی سے ایف اے تک نصابی کتب کی تیاری و فراہمی بھی این بی ایف کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار این بی ایف کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے بلوچستان یونیورسٹی فیکلٹی ممبران کے 25رکنی وفد کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر این بی ایف کے سیکرٹری آفتاب سومرو اور این بی ایف بُک ایمبیسیڈر اور اس وزٹ کے کوآرڈی نیٹر مرتضی نور بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے شرکاء سے کہا کہ آپ لوگ اپنی اپنی یونیورسٹیوں میں ”این بی ایف یونیورسٹی بُک شاپ“ کے آئیڈیے کو آگے بڑھائیں اور وہاں بُک شاپس بنائیں،این بی ایف اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرے گا۔ آفتاب سومرو نے مہمانوں کو این بی ایف بُک والنٹیرز کا ممبربننے کی دعوت دیِ۔ قبل ازیں مرتضی نور نے فیکلٹی ممبران کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ وفدمیں یونیورسٹی آف بلوچستان سمیت تربت، لورالائی، کوئٹہ اور لسبیلہ یونیورسٹی کے اساتذہ و دانشور شامل ہیں۔

شرکاء نے این بی ایف کے کتب بینی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی لی اور سوال جواب سیشن میں ایم ڈی اور دیگر افسران سے سیلز سمیت بہت سے پہلو پر تبادلہ خیال کیا ۔ بعد میں وفد کے شرکاء نے ریڈرز کلب، مائی بُک شیلف، بُک پارک ، بُک میوزیم، سمر بُک کلب،سنگل سٹون بُک اور بُک وال کلاک کو دیکھا اور متاثر ہوئے۔ وفد نے ٹیکسٹ بکس کے ایڈوائزر ڈاکٹر عطش درانی سے بھی ملاقات کی ۔ ڈاکٹرعطش درانی نے نصابی کتب کے حوالے سے این بی ایف کی کارکردگی پر مکمل بریفنگ دی۔ مہمانوں نے وزیٹرز بُک میں اپنے تاثرات قلم بند کیے اور بُک شاپ سے ڈسکاؤنٹ پر بہت سی کتب خریدیں۔