انڈسٹری اکیڈمی روابط کو فروغ دینے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور رفاہ یونیورسٹی کے مابین باہمی تعاون کا سمجھوتہ

منگل 8 ستمبر 2015 18:47

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے مابین باہمی تعاون کا ایک سمجھوتہ طے پایا ہے تا کہ دونوں ادارے مشترکہ کوششوں سے صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط روابط کو فروغ دینے کیلئے کام کر سکیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں سمجھوتے پر دستخط کرنے کی ایک تقریب منعقد ہوئی ۔

رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے سمجھوتے پر دستخط کئے۔دونوں اداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان روابط کو بہتر کرنے، طلبا میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے، انہیں کتابی علم کو عملی طور پر استعمال کرنے کے مواقع فراہم کرنے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تجربات کا تبادلہ کرنے کیلئے مل کر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

دونوں ادارے مشترکہ طور پر ریسرچ کے کام کو آگے بڑھائیں گے تا کہ صنعتی شعبے میں جدت پیدا ہو اور صنعتوں کی مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو بہتر کیا جائے۔دونوں ادارے طلبا اور صنعتوں کے فائدے کیلئے معلومات کا تبادلہ بھی کریں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس جن طلبا کی ایم بی اے اور پبلک پالیسی میں داخلے کیلئے سفارش کرے گا رفاہ یونیورسٹی ان کو فیس میں 15فیصد اور داخلہ فیس میں مناسب ڈسکاؤنٹ دے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں کی جانے والی تحقیق و ترقی کو صنعتوں کی ضرورت کے مطابق ڈھالنے کیلئے یہ اشد ضروری ہے کہ صنعتی شعبہ اور تدریسی اداروں کے درمیان پارٹنرشپ کا رشتہ قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے صنعتی و تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کر کے صنعتی پیداوار میں نمایاں بہتری لائی ہے اور پاکستان کو بھی اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنے کیلئے یہی نمونہ اپنانا ہو گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے درمیان باہمی تعاون کا سمجھوتہ ان مقاصد کے حصول کی طرف مثبت پیش رفت کرنے میں مفید ثابت ہو گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی چیمبر کیلئے ایک سیٹ مختص کرے جس سے نجی شعبہ اور تعلیمی اداروں کے درمیان گیپ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون یونیورسٹیوں کے ریسرچ کے کام کو صنعتوں کیلئے مفید بنانے اور طلبا میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے چیمبر کے ساتھ میمورینڈم آف انڈرسٹینڈنگ پر دستخط کرنے پر رفاہ یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون کا سمجھوتہ نالج اکانومی کی طرف پیش رفت کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔

متعلقہ عنوان :