پاک بحریہ تربیت اور تکنیکی مہارت میں بھی خطے کی ایک مثالی فورس ہے،نواز شریف

بحریہ نے ہر مشکل وقت میں برّی اورفضائی افواج کے ساتھ مل کر ہمت اور شجاعت کے کارنامے رقم کیے ہیں،یوم بحریہ پرقوم کے نام پیغام

منگل 8 ستمبر 2015 19:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک بحریہ تربیت اور تکنیکی مہارت میں بھی خطے کی ایک مثالی فورس ہے،جس کی درخشندہ روایات ہیں۔اس نے ہر مشکل وقت میں برّی اورفضائی افواج کے ساتھ مل کر ہمت اور شجاعت کے کارنامے رقم کیے ہیں۔یوم بحریہ پرقوم کے نام پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بحریہ پاکستان کی بحری حدود کی حفاظت انتہائی ذمہ داری، لگن اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہماری بحریہ نے ملکی دفاع میں درخشاں روایات قائم کی ہیں اور ہر مشکل وقت میں برّی اور فضائی افواج کے ساتھ مل کر ہمت اور شجاعت کے کارنامے رقم کیے ہیں۔مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ بحریہ مسلسل ترقی کے راستے پر گامزن ہے اور جدید تقاضوں کے مطابق اپنے جہازوں، آبدوزوں اور ہتھیاروں کو اپ گریڈ کرتی ہے۔ پاکستان نیوی تربیت اور تکنیکی مہارت میں بھی خطے کی ایک مثالی فورس ہے۔میں پاکستان نیوی کے افسروں اور جوانوں کو اس موقع پر مبارکباد دیتا ہوں اور یہ توقع رکھتا ہوں کہ وہ اپنے اعلیٰ معیار کو قائم رکھیں گے۔