Live Updates

وزیر اعظم کی زیر صدارت سندھ کے رہنماؤں کے اجلاس میں مدعو نہ کئے جانے پر ممتاز بھٹو کا (ن) سے راستے جدا کرنے کا فیصلہ

آئندہ چند روز میں بلائے جانے والے اجلاس میں سند ھ نیشنل فرنٹ کی دوبارہ بحالی ،پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت پر غوروخوض کے بعد آئند ہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا

منگل 8 ستمبر 2015 19:50

وزیر اعظم کی زیر صدارت سندھ کے رہنماؤں کے اجلاس میں مدعو نہ کئے جانے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے سندھ کے رہنماؤں کے اجلاس میں مدعو نہ کئے جانے پر سردار ممتاز علی بھٹو نے (ن) لیگ سے راستے جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا ،آئندہ چند روز میں بلائے جانے والے اجلاس میں سند ھ نیشنل فرنٹ کی دوبارہ بحالی اورپی ٹی آئی کی طرف سے شمولیت کی دعوت پر غوروخوض کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان متوقع ہے ۔

ذرائع کے مطابق وزیرا عظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت گزشتہ روز اسلام آباد میں سندھ سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں (ن) لیگ کی تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔تاہم اس اجلاس میں سردار ممتاز علی بھٹو کو مدعو نہیں کیا گیا جس کے بعد ممتاز علی بھٹو کے ساتھیوں نے رابطہ کر کے انہیں اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے فوری طور پر (ن) لیگ سے علیحدگی کا اعلان کرنے کیلئے دباؤ ڈالا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سردار ممتاز علی بھٹو نے آئندہ چند روز میں دیرینہ ساتھیوں کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سندھ نیشنل فرنٹ کی دوبارہ بحالی اور پی ٹی آئی کی طرف سے شمولیت کی دعوت پر غوروخوض کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان متوقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما عارف علوی اور شاہ محمود قریشی سردار ممتاز بھٹو سے رابطے کر کے انہیں عمران خان کی طرف سے پی ٹی آئی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دے چکے ہیں ۔

اس حوالے سے ممتاز بھٹو کے ساتھی انور گجر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ (ن) لیگ کے رویے کی وجہ سے ساتھیوں کا سردار ممتاز علی بھٹو پر دباؤ ہے ۔ پی ٹی آئی کی طرف سے شمولیت کی دعوت دی جا چکی ہے تاہم حتمی فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سردار ممتاز علی بھٹو نے حکومت بننے کے آغاز پر اپنی جماعت سندھ نیشنل فرنٹ کو (ن) لیگ میں ضم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :