وزیر داخلہ کی وفاقی دارالحکومت میں مضر صحت کھانا فراہم کرنے والے تمام ہوٹلوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

فائیو سٹار ہوٹل سے لے کر ڈھابے ، مضر صحت کھانے اور دیگر اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، چوہدری نثار علی خان کی اعلیٰ سطحی اجلاس میں متعلقہ حکام کو ہدایت ، اجلاس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی ساجد چوہان اور ڈائریکٹر عائشہ ممتاز کی خصوصی شرکت،پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران کل اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے افسران کو خصوصی تربیت دیں گے 7اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی ٹیمیں تشکیل دے دیں ، کل سے ناقص کھانا فراہم اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤ ں شروع کر دیاجائیگا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی بریفنگ

منگل 8 ستمبر 2015 20:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وفاقی دارالحکومت میں مضر صحت کھانا فراہم کرنے والے تمام ہوٹلوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائیو سٹار ہوٹل سے لے کر ڈھابے تک کے خلاف آپریشن کیا جائے اور مصر صحت کھانے سمیت دودھ، مصالحہ جات میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

وہ منگل کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی ساجد چوہان اور ڈائریکٹر عائشہ ممتاز نے خصوصی شرکت کی، اس موقع پر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے افسران آئی جی اسلام آباد طاہر عالم ، ایس ایس پر ساجد کیانی، چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام نے پنجاب میں مصر صحت اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے دکانداروں اور ہوٹلوں کے خلاف کامیاب آپریشن کے حوالے سے حکام کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے اجلاس میں بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اس حوالے سے سخت اقدامات کئے ہر دو دن بعد ہماری ان سے اس حوالے سے میٹنگ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے 35اضلاع میں ہم نے ٹیمیں تشکیل دی ہوتی ہیں، جو روزانہ کی بنیاد پر ایکشن لیتی ہیں۔ اس موقع پر چوہدری نثار علی خان نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا اور اسلام آباد فوڈ اتھارٹی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ہی ادارہ ہمارے پاس بھی ہے جس کی کارکردگی 2 سالوں میں اتنی ہے کہ اگر ان سے اس حوالے سے بریفنگ مانگی جائے تو وہ 5منٹ سے زیادہ نہیں ہو گی۔

اجلاس میں وزیر داخلہ نے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مل کر وفاقی دارالحکومت میں ایسے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کیلئے ایک جامع پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی اور اجلاس کے دوران ہی فوڈ اتھارٹی کے حکام نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مل کر ایک جامع پلان بنایا جس کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران کل بدھ کو اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے افسران کو اس حوالے سے ٹریننگ دیں گے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے 7اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جس میں فوڈ اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی شامل ہوں گے اور وہ کل بدھ سے ہی شہر بھر میں آپریشن شروع کر دیں گی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں فائیو سٹار ہوٹل سے لے کر ڈھابے تک آپریشن کیا جائے اور اس حوالے سے کسی قسم کی رعائت نہ برتی جائے، اس کے علاوہ دودھ، مصالحہ جات اور بیکریوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے۔