(ن) لیگ کسی الائنس سے خوفزدہ ہے نہ ہی بلدیاتی انتخابات میں کسی سے اتحاد کر یں گے، بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے بعد سے کسی تر قیاتی منصوبے پر کام نہیں ہو رہا ‘ پنجاب لوکل باڈیز آرڈیننس2013میں معمولی ترامیم کی جائیں گی‘کسانوں کیلئے وزیراعظم15ستمبر سے پہلے پیکیج کا اعلان کریں گے ،سانحہ قصور بارے جے آئی ٹی کی رپورٹ پنجاب اسمبلی میں بھی پیش کی جائیگی

صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اﷲ خان کی پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو

منگل 8 ستمبر 2015 20:04

(ن) لیگ کسی الائنس سے خوفزدہ ہے نہ ہی بلدیاتی انتخابات میں کسی سے اتحاد ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء ) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اﷲ خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں (ن) لیگ اپوزیشن کے کسی الائنس سے خوفزدہ ہے اور نہ ہی ہم بلدیاتی انتخابات میں کسی سے اتحاد کر یں گے ‘پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے بعد سے کسی تر قیاتی منصوبے پر کام نہیں ہو رہا ‘ پنجاب لوکل باڈیز آرڈیننس2013میں معمولی ترامیم کی جائیں گی‘کسانوں کیلئے وزیراعظم15ستمبر سے پہلے پیکیج کا اعلان کریں گے جس سے کاشتکاروں کی مشکلات کم ہو جائیں گی‘سانحہ قصور کے حوالے سے جے آئی ٹی کی رپورٹ پنجاب اسمبلی میں بھی پیش کی جائیگی ۔

منگل کے روز پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خان نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلا ن ہونے کے بعد ترقیاتی منصوبے شروع کئے جاسکتے ہیں نہ سرکاری افسروں کے تبادلے ہوسکتے ہیں اور اگر کہیں ایسا ہو رہا ہے تو الیکشن کمیشن کو کارروائی کرنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام بھی (ن) لیگ کی پا لیسوں پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہیں اور ضمنی انتخابات میں ثابت ہو جا ئیگا کہ پنجاب کے عوام کسی اور کے نہیں (ن) لیگ کے ساتھ ہیں اور ضمنی انتخابات میں تحر یک انصاف کو عبر تناک شکست ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ پنجاب میں کسی الائنس کے بغیر انتخاب لڑے گی ۔ مقامی سطح پر ضرورت پڑنے پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ ہو سکتی ہے لیکن مقامی سطح پر رکن قومی اسمبلی ،ذیلی حلقوں کے اراکین صوبائی اسمبلی اور ضلعی تنظیم پر مشتمل بورڈ اس کی سفارشات کرے گا جس کا حتمی فیصلہ صوبائی بورڈ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ،پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتیں (ن) لیگ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اکٹھی ہو رہی ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں اپنے اوپر اعتماد نہیں کہ ہم (ن) لیگ کا مقابلہ کر بھی سکیں گے یا نہیں۔