Live Updates

مسلم لیگ ن کی تحریک انصاف پر پیپلزپارٹی اوردیگرجماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے پرکڑی تنقید

جس روز عمران خان سندھ میں پیپلزپارٹی پرکیچڑاچھال رہے تھے اسی روزپنجاب میں ان کے چیف آرگنائزرپیپلزپارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بھیک مانگ رہے تھے،محمدزبیر عمران خان الیکشن سے فرار کی راہیں ڈھونڈرہے ہیں،سات جماعتوں کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نے ثابت کردیا ہے اب کوئی بھی جماعت اکیلے مسلم لیگ ن کامقابلہ نہیں کرسکتی، پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 8 ستمبر 2015 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے تحریک انصاف کی طرف سے پیپلزپارٹی اوردیگرجماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کوکڑی تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ جس روز عمران خان سندھ میں پیپلزپارٹی پرکیچڑاچھال رہے تھے اسی روزپنجاب میں ان کے چیف آرگنائزرپیپلزپارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بھیک مانگ رہے تھے یہ قلابازی خان کی ایک اورقلابازی ہے،عمران خان الیکشن سے فرار کی راہیں ڈھونڈرہے ہیں مگر ہم انہیں بھاگنے نہیں دینگے،سات جماعتوں کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نے ثابت کردیا ہے کہ اب کوئی بھی جماعت اکیلے مسلم لیگ ن کامقابلہ نہیں کرسکتی۔

منگل کوپی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت اورنجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر نے کہا کہ جس روز عمران خان سندھ کے دورے کے دوران پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کر رہے تھے اسی روز پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور لاہور میں پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹ کے مذاکرات کر رہے تھے یہ تحریک انصاف کی دوغلی پالیسی کا عملی نمونہ ہے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ تحریک انصاف جس طرح مختلف اتحاد کر رہی ہے اس نے ماضی کے 9 ستاروں کی یاد تازہ کر دی ہے پی ٹی آئی الیکشن سے فرار حاصل کرنا چاہتی ہے قلا بازی خان ہر چیز پر قلابازی کرتے ہیں سونامی لانے کے دعوے دار کے پی کے میں 24 اضلاع میں سے صرف 9 میں اپنی حکومت بنا سکی ہے عمران خان حقائق کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتے اور الزامات کی سیاست کرتے ہیں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی آج جسٹس وجیہہ الدین اور تسلیم نورانی کیا کہہ رہے ہیں ان کی رپورٹ ریکارڈ پر ہے کہ ان کے سیکرٹری جنرل نے ووٹ خریدے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے پی کی تاریخ میں سب سے بڑے فنانشل سکینڈل کو ہم نے پشاور جا کر بے نقاب کیا جو جماعت اپنے احتساب سے خود بھاگ رہی ہے اس کو عوام اچھی طرح جان چکی ہے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا کہ تین دن پہلے جس سات جماعتی اتحاد کا اعلان کیا گیا اس سے ثابت کر دیا ہے کہ کوئی جماعت اکیلے مسلم لیگ ن کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ پی ٹی آئی الیکشن سے بھاگنا چاہتی ہے مگر ہم انہیں بھاگنے نہیں دینگے این اے 122 اور این اے 154 میں پی ٹی آئی جن امیدواروں کو سامنے لائی ہے اس نے عمران خان کو بے نقاب کردیا ہے اب پی ٹی آئی صرف پی ٹی آئی نہیں رہی بلکہ پی پی ٹی آئی(کیو)بن چکی ہے علیم خان کو قبضہ گروپ کہاکرتے تھے اس نے چند ملین روپے شوکت خانم کو دیئے تو وہ حاجی علیم خان بن گئے جہانگیر ترین اس آرڈیننس کے ذریعے قرضے صاف کروائے جب ان لوگوں کا احتساب ہوگا تو کہاجائیگا کہ یہ ظلم ہے مگر احتساب ضرور ہوگا پی ٹی آئی کے رہنما گھنٹوں کے بل چل کر پیپلزپارٹی کے گھر گئے اور وہاں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بھیک مانگی۔

محمدزبیر نے کہاکہ جسٹس وجیہہ الدین نے اپنی رپورٹ میں کہاتھا کہ چار لوگوں کو پارٹی سے نکالا جائے ان میں جہانگیر ترین اورعلیم خان شامل ہیں انہوں نے کہاکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان میں کرپشن کم ترین سطح پر ہے کرپشن کے خاتمے کیلئے حکومتی کوششیں شامل ہیں انہوں نے کہاکہ ہر ضمنی الیکشن میں عوام نے ثابت کیاہے وہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں طلال چودھری نے کہاکہ اگر عوام کسی کو پسند کرتے ہیں تو اس کے بیٹے، بھتیجے کو سیاست میں آنے سے نہیں روک سکتے ۔دانیال عزیز نے کہاکہ نیب کی ویب سائٹ پر29کیسز ہیں جن میں میگاسکینڈل لکھے ہوئے ہیں جو0.18 فیصد صرف سیاستدانوں کے حوالے سے ہیں97 فیصد بیوروکریٹس اور سابق آرمی آفیسرشامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں محمدزبیر نے کہاکہ بلاول بھٹوکے ترجمان نے مسلم لیگ ن کی اینٹ سے اینٹ بجانے کے بیان کی تردید کی ہے لہذا اس سوال کا کوئی جواب نہیں بنتا۔

ایک سوال کے جواب میں محمد زبیر نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور پرویز مشرف کے دور میں ٹاپ لیول کرپشن تھی برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں سیاست میں ہوں گے مگر اس کا یہ مطلبہ نہیں کہ جمہوریت پر قدغن لگا دی جائے ۔ ایک سوال کے جواب میں محمد زبیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کو دیئے گئے اعداد و شمار میں کوئی شکوک و شبہات نہیں آئی ایم ایف کی میٹنگ دس دن جاری رہتی ہے جس میں تمام امور کا جائزہ لیا جاتا ہے اور بحث کے بعد سوال و جواب ہوتے ہیں ۔ طلال چوہدری نے کہا کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ پارلیمنٹ کے اندر موجود تمام جماعتوں کی کوریج کا پابند ہے لہذا یہاں پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس کرنا کوئی غلط نہیں ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات