کراچی ،نجی ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ،سیٹلائٹ انجینئر جاں بحق،ڈرائیورزخمی ،وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ، وزیر اعلیٰ پنجاب ،وزیر اعلیٰ سندھ کی شدید الفاظ میں مذمت، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی

منگل 8 ستمبر 2015 23:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8ستمبر۔2015ء) کراچی کے علاقے بہادر آباد میں نجی ٹی وی کی ڈی ایس این جی وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیٹلائٹ انجینئر ارشد علی جعفری جاں بحق جبکہ ڈرائیور شدیدزخمی ہو گیا،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف،وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔

رپورٹس کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب کراچی کے علاقے بہار آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی وین پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں سیٹلائٹ انجینئر ارشد علی جعفری جاں بحق جبکہ انیس نامی ڈرائیور شدیدزخمی ہو گیا جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہسپتال ذرائع کے مطابق انجینئر کے سر اور چہرے پر جبکہ ڈرائیور کے کندے پرگولیاں لگی ہیں جبکہ ڈرائیور کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ادھر ڈی آئی جی منیر شیخ نے بتایا کہ ڈی ایس این جی کے عملے پر سات گولیاں فائر کی گئیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انجینئر ارشد علی جعفری کے جاں بحق ہونے دلی دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے واقعہ متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

متعلقہ عنوان :