عورتوں سے نفرت میں ہندوستان تیسری دنیا کی قوم ہے‘ سونم کپور

بدھ 9 ستمبر 2015 12:57

عورتوں سے نفرت میں ہندوستان تیسری دنیا کی قوم ہے‘ سونم کپور

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء)براہمن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی جانب سے جین مت کے مذہبی تہوار”پریوشن“ کے موقع پر ممبئی میں 4 دن گوشت کی پابندی پر جہاں عوام میں غم و غصہ پایاجاتا ہے، وہیں بولی وڈ اداکار بھی اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں-واضح رہے کہ بی ایم سی نے یہ پابندی حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی اور جین مت کی مذہبی تنظیموں کے مطالبے پر لگائی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جہاں لوگ اس پابندی کی وجہ سے ممبئی کوپابندیوں کا شہر قرار دے رہے ہیں، وہیں سونم کپور بھی میدان میں آئیں اور انھوں نے گوشت پر پابندی کے خلاف ایک ٹوئیٹ کی، جس میں ایک مضمون کا حوالہ دیا گیا۔سونم نے لکھاکہ ہمارا ملک چند تنگ ذہن لوگوں کی عورتوں سے نفرت کی وجہ سے تیسری دنیا کی قوم بنتا جارہا ہے-سونم نے اپنے پیغام میں Mysogyny کا لفظ استعمال کیا، جس کے معنی ہیں زن بیزاری یاعورت سے نفرت-بس پھر کیا تھا، ٹوئٹر کی عوام نے سونم کی تصحیح کرنے کا بیڑہ اٹھایا اور انھیں Mysogyny کا مطلب سمجھانا چاہا، لیکن سونم نے اپنا بھرپور دفاع کیا کہ اور مزید لکھا کہ ان کا کام صرف گوشت پر پابندی سے متعلق نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد معاشرے کی عام ذہنیت پر تنقید تھی-سونم نے اس بات پر بھی دکھ کا اظہار کیا کہ ان پر تنقید کرنے والوں میں صرف مرد ہی شامل نہیں ہیں،بلکہ خواتین بھی آگے آگے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن جہاں سونم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہیں کچھ لوگ ان کے دفاع کے لیے بھی میدان میں آئے۔اور پھر ٹوئٹر پر اس ساری لفظوں کی جنگ کے بعد سونم نے یہ کہہ کر بات ختم کردی کہ آئیں دوبارہ سے فیشن اور برانڈز پر بات کریں۔