ماڈل تھانوں میں تعینات پولیس افسران کی کارکردگی کو بہتر بنانا میرا مشن ہے،آر پی او ملتان

بدھ 9 ستمبر 2015 13:56

ماڈل تھانوں میں تعینات پولیس افسران کی کارکردگی کو بہتر بنانا میرا ..

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء)آر پی او ملتان طارق مسعود یاسین نے کہا ہے کہ ملتان میں بننے والے ماڈل تھانوں میں تعینات پولیس افسران کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور عوام کے ساتھ بہتر رویہ اپنانے پر گامزن کرانا میرا مشن ہے اور انشا اللہ میں اپنے اس مشن پر تنقید کرنے والوں کو کامیاب ہوکر دیکھاوٴں گا۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ”آن لائن“ ملتان کوبھیجے گئے اپنے ایک تحریری بیان میں کہی ۔

انہوں نے کہا کہ رب کریم کی ذات سے ناامیدی کرنا کفر ہے اور مجھے اپنے رب کریم پر یقین ہے کہ میرا رب میرے عوام اور پولیس اہلکاروں کے مابین بہتر رویے قائم کرنے کی کوششوں کو کامیاب بنائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اعلی پولیس افسران کے پولیس اور عوام کے لیے شروع کیے گئے اچھے کاموں کی ابتدا پر بعض لوگ ان کاموں کی تکمیل سے قبل ہی ان کی اچھائی دیکھے بغیرتنقید کرنا شروع کر دیتے ہیں لیکن تنقید کرنے والے میرے اس مشن کو انشااللہ چند ماہ میں کامیاب ہوتا دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے مزید کہا کہ ملتان میں تعینات پو لیس افسران اور اہلکاروں کی کرپشن اور عوام کے ساتھ غلط انداز میں پیش آنے والے رویہ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گاجس کے لیے مجھے عوام اور قلم سے وابستہ صحافیوں اور دانشوروں کے مثبت تعاون کی اشد ضرورت ہے۔اور مجھے عوام ،صحافیوں اور دانشوروں سے قوی امید ہے کہ وہ میرے پولیس کی اصلاح اور پولیس کے عوام کے ساتھ بہتر رویے سے پیش آنے کے اقدمات کے لیے میری مدد کریں گے

اور مجھ سے تعاون کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی اعلی پولیس افسران نے محکمہ پولیس میں بہتری لانے کے لیے انتہائی اہم اقدمات کیے تھے اور اب بھی اعلی پولیس افسران اپنی مثبت پالسیوں کے ذریعے محکمہ پولیس اور پولیس اہلکاروں میں بہتری لانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی فضاء جس میں پولیس افسران اور اہلکاراپنی پاک فوج کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر بھی ہیں۔

دہشت گردی کی اس فضاء میں پولیس افسران اور اہلکاروں کا عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنا اور اپنا پیشہ ورانہ کام بلا خوف و خطر سرانجام دیناجہاد سے کم نہیں اور ان موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ عوام،صحافی اور دانشور پولیس کے اچھے کاموں کو سراہیں تاکہ پولیس افسران اور اہلکاروں میں مزید بہتری کا جذبہ ابھرے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان شہر میں امن و امان میں بہتری لانے کے لیے ملتان ضلع کو چودہ نئے پولیس انسپکٹرز دیے گئے ہیں جو ملتان شہر میں عرصہ دراز سے تعینات تھانوں میں ایس ایچ اوز کا متبادل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جرائم کی بیغ کنی پولیس کی اولیں ترجیح ہے اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے لیے اب محکمے میں کوئی جگہ نہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرنے والا کوئی کتنا ہی بااثر شخص کیوں نہ ہو گا اس کو بھی اب قانون کے سامنے ہتھیار ڈالنے ہوں گے اور پولیس اسے قانون کے کٹھہرے میں کھڑا کرے گی اور یہی مشن وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف ،آئی جی
پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا کا ہے جس کی تکمیل کے لیے پنجاب بھر کے پولیس افسران ہمہ تن گوش ہیں اور پولیس کی دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی ۔