ملک بھر میں ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجروں کی ہڑتال، مارکیٹوں سمیت کاروباری مراکز بند

بدھ 9 ستمبر 2015 14:01

ملک بھر میں ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجروں کی ہڑتال، مارکیٹوں سمیت کاروباری ..

اسلام آباد/لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء)ملک بھر کے مختلف شہروں میں بینک ٹرانزیکشن پر حکومت کی طرف سے عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجروں نے ہڑتال کی،اس دوران اسلام آباد،لاہور، کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں تمام چھوٹی بڑی مارکیٹوں سمیت کاروباری مراکز بندرہے،جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،تاجر برادری نے دھمکی دی ہے کہ اگر ود ہولڈنگ ٹیکس کو ختم نہ کیا گیا تو لانگ مارچ کریں گے اور وقفے وقفے سے ہڑتالیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو وفاقی دارالحکومت میں آبپارہ،میلوڈی،بلیو ایریا،سپر مارکیٹ، جناح سپر مارکیٹ، آئی ٹین مرکز،ایف ٹین مرکز سمیت دیگر بڑے کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند رہیں ، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

کراچی میں آل کراچی تاجر اتحاد کی جانب سے ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بندرہے،سندھ تاجر اتحاد نے ود ہولڈنگ ٹیکس کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا، کراچی کی بڑی مارکیٹوں میں تمام دکانیں بند دکھائی دیں،تاجر تنظیموں نے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔

حیدر آباد میں بھی تاجروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔صوبائی دار الحکومت لاہور میں تاجر برادری ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف سڑکوں پر آ گئی۔تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نعیم میرکی قیادت میں ہزاروں تاجروں نے ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف بھرپور قوت کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر تحریک انصاف کی قیادت بھی احتجاجی مظاہرے میں موجود تھی۔

مظاہرین پریس کلب سے ہوتے پنجاب اسمبلی تک گئے اور حکومت کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لاہور کی بھی تمام بڑی مارکیٹیں بند رہیں تاہم چھوٹی دکانیں کھلی رہیں تاہم گوجرانوالہ میں تاجروں کے دو دھڑوں نے ہڑتال کی کال پر دکانیں اور مارکیٹیں بند رکھیں جبکہ تیسرے دھڑے نے ہڑتال کی مخالفت کی،وہاڑی میں بھی ہڑتال کے باعث تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے جبکہ اوکاڑہ میں سبزی منڈی اور غلہ منڈی سمیت تمام بڑے بازار بند رہے۔

تاجروں نے احتجاجی کیمپ لگا رکھے تھے۔مظاہرین نے ود ہولڈنگ ٹیکس کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کے فی الفور خاتمے کا مطالبہ کیا۔ فیصل آباد میں ود ہولڈنگ ٹیکس کیخلاف تاجر تنظیموں کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔تاجر برادری نے احتجاجی جلوس نکالے اور حکومت کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔