کیون پیٹر سن نے جنوبی افریقی ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کھیلنے کا معاہدہ کر لیا

بدھ 9 ستمبر 2015 14:09

کیون پیٹر سن نے جنوبی افریقی ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کھیلنے کا معاہدہ کر لیا

ڈربن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9ستمبر ۔2015ء ) سابق برطانوی ٹیسٹ کرکٹر کیون پیٹر سن اب جنوبی افریقی ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں پیدا ہونیوالے کیون پیٹرسن نے اپنا بچپن ڈربن کے گردونواح میں ہی گزارا تھا تاہم 2001ء میں وہ اپنی فیملی کے ہمراہ برطانیہ شفٹ ہوگئے تھے،اب انگلینڈ کی جانب سے کھیلنے کا خواب چکنا چور ہونے پر پیٹر سن نے ریم سلیم ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ سن فوائل ڈولفنز کی جانب سے 5میچز کھیلنے کا معاہدہ کر لیا ہے اور وہ اکتوبر کے آخری دنوں سے نومبر کے پہلے 15دن تک ڈولفنز کی جانب سے کھیلیں گے ۔

(جاری ہے)

پیٹرسن اس سے پہلے آئی پی ایل ، آسٹریلین بگ بیش ، انگلش ٹی ٹونٹی اور کیریبیئن پریمئر لیگ کھیل چکے ہیں ۔ 35سالہ پیٹرسن کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے آبائی علاقے کی جانب سے دوبارہ کھیل کر بہت خوشی ہوگی۔ ڈولفنز کے کوچ اور سابق جنوبی افریقی ٹیسٹ کرکٹر لانس کلوزنر کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ پیٹر سن ان کی ٹیم کو مسلسل دوسرے سال ایونٹ جتوانے میں مدد کریں گے ۔ یاد رہے کہ انگلینڈ کے لیے تینوں طرز کی کرکٹ میں ریکارڈ 13779رنز سکور کر نے والے کیون پیٹر سن کوایشز 2013-14ء میں آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلینڈ کی 5-0سے عبرت ناک شکست کے بعد ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا ۔