سپریم کورٹ (کل )لال مسجد آپریشن کیس کی سماعت کرے گا

بدھ 9 ستمبر 2015 18:34

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء ) سپریم کورٹ میں لال مسجد آپریشن کیس کی اہم سماعت (آج )جمعرات کوہوگی۔نامزد چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ مقدمے کی سماعت کرے گا۔قوی امکان ہے کہ سپریم کورٹ کل لال مسجد آپریشن کے متعلق دستاویزات کو پبلک کرنے کا حکم دے دے گی۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جولائی 2077سے زیرسماعت لال مسجد آپریشن کیس کی سماعت دو سال بعد کل(جمعرات کو)ہوگی۔

نامزد چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیرجمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ اہم ترین مقدمے کی سماعت کرے گا۔بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس مشیر عالم شامل ہیں۔لال مسجد آپریشن کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ لال مسجد آپریشن کے متعلق دستاویزات کو منظرعام پر لانے کے متعلق شہدائے لال مسجد و جامعہ حفصہ کے ورثا کے وکیل طارق اسد کی جانب سے دائر درخواست کی بھی سماعت کرے گا۔

(جاری ہے)

قوی امکان ہے کہ سپریم کورٹ کل(جمعرات کو)لال مسجد آپریشن کے متعلق رجسٹرار سپریم کورٹ کی تحویل میں موجود تمام دستاویزات کو منظرعام پر لانے کا حکم دے دے گی۔جس کے بعد لال مسجد آپریشن کے متعلق تمام حقائق کھل کر سامنے آجائیں گے۔واضح رہے کہ نوں جولائی 2007کو لال مسجد آپریشن کے دوران قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان رانا بھگوان داس نے لال مسجد آپریشن کا ازخود نوٹس لیا تھا۔

دسمبر 2012میں سپریم کورٹ نے لال مسجد آپریشن کی تحقیقات کے لئے وفاقی شرعی عدالت کے جج جسٹس شہزادوالشیخ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن قائم کیا تھا۔مقدمے کی آخری دفعہ سماعت 21اگست 2013کو ہوئی تھی۔نئے چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی بطور چیف جسٹس اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کل پہلے مذکورہ اہم ترین مقدمے کی سماعت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :