شیعہ علماء کونسل پاکستان کی کراچی میں صحافیوں کے قتل کی شدید مذمت

حکومت میڈیا سے وابستہ افراد کے جانوں کی حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات کریں، علامہ عارف واحدی

بدھ 9 ستمبر 2015 20:20

راولپنڈی /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کراچی میں 24گھنٹوں کے دوران نجی نیوز چینل کی ڈی ایس این جی پر فائرنگ کے نتیجہ میں سیٹلائٹ انجینئر ارشد جعفری اور سینئر جرنلسٹ آفتاب عالم کے قتل پر صحافی برادری سے افسوس کا اظہارکرتے ہوئے دونوں واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کے دکھ اور غم کی اس گھڑی میں شیعہ علماء کونسل پاکستان برابر کے شریک ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں کے باوجود اس قسم کے واقعات کا ہو نا ریاستی اداروں کی کارکر دگی پر سوالیہ نشان ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی کے صحافی عرصہ دراز سے عدم تحفظ کا شکارہیں ،قانون نافذ کرنے والے ادارے میڈیا سے وابستہ افراد کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں ۔

علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ صحافت سے منسلک افراد قومی سرمایہ ہیں ان کا اسطرح سے قتل کیا جانا قابل مذمت ہے اورملک کی آزاد میڈیا کی آواز کو دبانے کے مترادف ہے۔شعبہ صحافت سے منسلک لوگ اس مشکل گھڑی میں بھی اپنی قیمتی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر سر انجام دے رہے ہیں۔حکومت میڈیا سے وابستہ افراد کے جانوں کی حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات کرئے ۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی کراچی میں فائرنگ کے نتیجہ میں دو صحافیوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکے لواحقین اور پسماندگان کو تعزیت و تسلیت پیش کی اور قاتلوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :