قومی ٹی ٹوئنٹی کپ، دوسرے روز سیالکوٹ سٹالینز ، ایبٹ آباد ،بہاولپور اور پشاور نے اپنے اپنے میچز جیت لئے

بدھ 9 ستمبر 2015 21:48

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ، دوسرے روز سیالکوٹ سٹالینز ، ایبٹ آباد ،بہاولپور ..

اسلام آباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء)پاکستا ن کر کٹ بورڈ(پی سی بی )کے زیر اہتمام قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے روز سیالکوٹ سٹالینز ، ایبٹ آباد ریجن ،بہاولپور ریجن اور پشاور نے اپنے اپنے میچز جیت لئے ،دوسرے روز ابتدائی میچ میں سیالکوٹ سٹالینز نے حیدرآباد کو 4رنز سے ،دوسرے میچ میں ایبٹ آباد ریجن نے تورنامنٹ کا پہلا اپ سیٹ کر تے ہوئے لاہور وائٹ کو 83رنز سے ،تیسرے میچ میں بہاولپور ریجن نے کراچی وائٹ کو 42رنز سے اور چوتھے میچ میں پشاور ریجن کی ٹیم نے فیصل آباد ریجن کو5وکٹوں سے مات دی۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے روز راولپنڈی کر کٹ سٹیڈیم اور ڈائمنڈ کر کٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں مجموعی طور پر 5میچز کھیلے گئے۔ڈائمنڈ کرکٹ گراونڈ اسلام آباد میں کھیلے جانیوالے پہلے میچ میں حیدر آباد ریجن کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر سیالکوٹ ریجن کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،سیالکوٹ کی ٹیم نے مقررہ20اوورزمیں 7وکٹوں کے نقصان پر163رنز بنائے،بلال آصف نے 53اورشعیب ملک نے 52رنز کی اننگز کھیلی،حیدر آباد کی طرف سے بابر خان اور نعمان علی نے2,2وکٹ حاصل کیئے۔

(جاری ہے)

حیدرآباد کی ٹیم کے کھلاڑی کوششوں کے باوجود مطلوبہ حدف تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکے،حیدر آباد کی ٹیم مقررہ20اوورز میں9وکٹوں کے نقصان پر159بنا سکی اور وہ یہ میچ04رنزز سے ہار گئی۔،شعیب لغاری نے29جبکہ عظیم گھمن نے23رنز بنائے،سیالکوٹ کی طرف سے بلال آصف اور عماد بٹ نے3,3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔سیالکوٹ کے کپتان شعیب ملک کوان کی تیز اننگز پرمین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں لاہور وائٹس کے کپتان نے ٹاس جیت کرایبٹ آباد ریجن کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی،ایبٹ آباد کی ٹیم نے یاسر حمید کے67 ,یونس خان کے61رنزاورسجاد علی کے آوٹ ہوئے بغیر38رنز کی بدولت مقررہ20اوورزمیں3وکٹ پر198رنز بنا ئے،لاہور وائٹس کی طرف سے محمد عرفان،مصطفی اقبال اور حسین طلعت نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور وائٹس کے کھلاڑی ایبٹ آباد کے باولرز کی شاندار باولنگ کا سامنا نہیں کر سکے اور لاہور کی پوری ٹیم 16اوورز میں 115رنز بنا کر آوٹ ہو گئی،محمد حفیظ31اور سعد نسیم19رنز بنا سکے،لاہور کے7کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی نہیں پہنچ سکے۔ایبٹ آباد کی طرف سے خالد عثمان نے26رنز کے عوض5،جنید خان نے19رنز اوریاسر شاہ نے22رنز کے عوض2,2وکٹ حاصل کیں،احمد جمال کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

شاندار باولنگ پرایبٹ آباد کے خالد عثمان کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مین راونڈ کے دوسرے روز تیسرا میچ کراچی وائٹس اور بہاولپور ریجن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا،تیسرے میچ میں بہاولپور کی ٹیم نے 42رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ڈائمنڈ کرکٹ گراونڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں کراچی وائٹس کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر بہاولپور کی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی،بہاولپور کی ٹیم نے مقررہ20اوورز میں4وکٹ کے نقصان پر174رنز بنائے،معین الدین نے 58رنز،فیصل مبشر نے آوٹ ہوئے بغیر56رنزاورعامر اعجاز نے31رنز بنائے،کراچی وائٹس کی طرف سے تابش خان،اعظم حسین اورسعود شکیل نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی وائٹس کی ٹیم 175رنز کے تعاقب میں 19.4اوورزمیں132رنز بنا کر آوٹ ہو گئی،شہریار غنی نے32رنز اور احسن علی نے 28رنز بنائے،بہاولپور کی طرف سے سعادت منیر نے3،کامران حسین اورظاہر صدیقی نے 2,2جبکہ محمد عمران اور فیصل مبشر نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔آل راونڈ کارکردگی پر بہاولپور کے فیصل مبشر کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔راولپنڈی کر کٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں پشاور ریجن نے فیصل آباد کو 5وکتوں سے شکست دی ،فیصل آباد کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9وکتوں کے نقصان پر 133رنز سکور کئے، 134رنز کا ہدف پشاور ریجن نے 18.5اوورز میں 5و کٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔