اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اسپیشل اولمپکس 2015میں 35 تمغے جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

بدھ 9 ستمبر 2015 21:51

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اسپیشل اولمپکس 2015میں 35 تمغے ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں منعقد ہونے والے اسپیشل اولمپکس 2015میں 35تمغے جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی جس میں اسپیشل کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسپیشل اولمپکس 2015میں شرکت کرنے والے پاکستانی دستے کے سربراہ اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محفوظ الٰہی سمیت اسپیشل اولمپکس کے نیشنل سپورٹس ڈائریکٹر ارشد جاوید، باسکٹ بال ٹیم کے کوچ سعید بھٹی اور اسپیشل کھلاڑیوں کے والدین بھی تقریب میں موجود تھے۔

پاکستان کے اسپیشل کھلاڑیوں کے دستے نے اسپیشل اولمپکس 2015 کی گیمز میں فٹ بال، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس اور سائیلنگ سمیت مختلف کھیلوں میں سونے کے 15، چاندی کے 12اور کانسی کے 8تمخے جیتے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ موجودہ حالات میں اسپیشل کھلاڑیوں نے پاکستان کیلئے اسپیشل اولمپکس 2015میں 35تمخے جیت کر یوم آزادی کے موقع پر قوم کو بہترین تحفہ پیش کیا ہے اور پوری قوم ان بچوں کی شاندار کاکردگی پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان بچوں پر خصوصی توجہ دے، ان کی مالی معاونت کرے ، ان کیلئے بہتر گراؤنڈز کا بندوبست کرے اور ان کیلئے ملازمتوں میں خصوصی کوٹہ مقرر کرے تا کہ یہ بچے معاشرے میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اسپیشل کھلاڑیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے تا کہ یہ بچے مستقبل میں بھی اسی طرح ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں۔

اسپیشل اولمپکس کے نیشنل ڈائریکٹر ارشد جاوید نے کہا کہ حکومت ان کے ساتھ کسی قسم کو کوئی تعاون نہیں کر رہی جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے ان بچوں کی تربیت کیلئے اپنی سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت تعاون کرے تو یہ بچے آئندہ اپنے ملک کیلئے مزید بڑی کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزید رضاکار لوگ آگے آئیں اور ان بچوں کی ترقی میں ہمارا ساتھ دیں۔

اسپیشل اولمپکس 2015میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کے ہیڈ اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محفوظ الٰہی نے کہا کہ اسپیشل کھلاڑیوں نے پاکستان کیلئے عام اولمپکس میں حصہ لینے والی ٹیم سے زیادہ تمخے حاصل کئے ہیں جو ہم سب کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کو بہتر ملازمتیں فراہم کی جائیں تا کہ وہ معاشرے کے مفید شہری کے طور پر زندگی گزار سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اسپیشل کھلاڑیوں کی باسکٹ بال ٹیم کے کوچ سعید احمد بھٹی نے کہا کہ کل 179ممالک کی ٹیموں نے اسپیشل اولمپکس 2015میں حصہ لیا اور ان کے مقابلے میں 35تمخے حاصل کرنا پاکستانی ٹیم کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دنیا میں پاکستان کے بارے میں کافی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں تاہم ان بچوں نے امریکہ میں پاکستان کا امیج بہتر کرنے کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر اور نائب صدرمحمد اشفاق حسین چٹھہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اسپیشل کھلاڑیوں کو ان کی شاندار کاکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور تاجر برادری ان بچوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے مثبت کردار ادا کرے گی۔ اسپیشل کھلاڑیوں کے والدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور نجی شعبہ ان بچوں کو ملازمتیں فراہم کرنے میں تعاون کریں تا کہ یہ بچے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں اور ان میں مزید اعتماد پیدا ہو۔