مسلح افواج ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ دفاع وطن کیلئے پرعزم ہے ٗعبد القادر بلوچ

آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں ملک سے طالبانائزیشن اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہو گا ٗ تقریب سے خطاب چار جنگوں کے دوران مسلح افواج کے بہادر سپوتوں نے عزم اور بہادری کی نئی مثالیں قائم کیں ٗ انجینئر بلیغ الرحمن آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں ملک سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمہ سے ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا ٗماروی میمن

بدھ 9 ستمبر 2015 22:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) سرحدوں اور ریاستی امور کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ دفاع وطن کیلئے پرعزم ہے ٗ آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں ملک سے طالبانائزیشن اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہو گا ۔ 1965ء کی جنگ کے ہیرو میجر شبیر شریف نشان حیدر کی خدمات کے اعتراف میں لکھی گئی کتاب ’’میجر شبیر شریف‘‘ کی تقریب رونمائی سے بدھ کو یہاں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ملک سے انتہا پسندی، دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں ملک سے طالبانائزیشن اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہو گا جس سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن صرف جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے جس سے شہر کے امن و امان کی بحالی میں نمایاں مدد ملی ہے ٗ مسلح افواج اور حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث بندوق اٹھانے والے بلوچ نوجوان قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میں بلوچستان کے امن و امان میں نمایاں بہتری پیدا ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر نے میجر شبیر شریف شہید کی زندگی پر لکھی جانے والی کتاب کے مصنف میجر (ر) اعظم قادری کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلے فوجی مصنف ہیں جنہوں نے جنگی ہیروز کی بے مثال قربانیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ تقریب رونمائی سے وزیر مملکت تعلیم و تربیت و داخلہ بلیغ الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چار جنگوں کے دوران مسلح افواج کے بہادر سپوتوں نے عزم اور بہادری کی نئی مثالیں قائم کیں جس سے ملک کو شناخت ملی۔

انہوں نے کہا کہ کافی عرصہ کے بعد پوری قوم مسلح افواج اور منتخب حکومت ایک صفحہ پر نظر آ رہی ہے جس سے قومی یکجہتی کی نشاندہی ہوئی ہے۔ تقریب سے وزیر مملکت و بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے خطاب کرتے ہوئے ملک کے دفاع کے لئے مسلح افواج کی بیش بہا قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں ملک سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمہ سے ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے مستحق لوگوں میں پچاس ارب سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر کتاب کے مصنف میجر (ر) اعظم قادری، سکوارڈن لیڈر (ر) ظہیر اکبر، ائرکموڈور (ر) امیر عالم، گروپ کیپٹن (ر) محمد علی نے خطاب کیا جبکہ تقریب میں سول سوسائٹی، کالج و سکول کے طلباء کے علاوہ اہل علم و دانش کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں سابق وائس آف آرمی سٹاف جنرل (ر) محمد یوسف بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :