زرداری نے سندھ اسمبلی توڑنے کی تجویز مسترد کر دی ،بلدیاتی الیکشن میں بھرپورحصہ لینے کا فیصلہ

سابق صدر کو تجویز دی گئی تھی کہ حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے صوبائی اسمبلی توڑ دی جائے، ذرائع

بدھ 9 ستمبر 2015 22:29

زرداری نے سندھ اسمبلی توڑنے کی تجویز مسترد کر دی ،بلدیاتی الیکشن میں ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سندھ اسمبلی توڑنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے بلدیاتی الیکشن میں بھرپورحصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پی پی کے بعض رہنماؤں نے پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو تجویز دی تھی کہ ایم کیو ایم نے پہلے ہی سندھ اسمبلی سے مستعفی ہو چکی ہے۔

اب پی پی سندھ اسمبلی توڑدے اور ضمنی الیکشن میں حصہ لے کر وفاقی حکومت کو سخت پیغام دیا جائے۔ مگر سابق صدر آصف علی زرداری نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پی پی کو ہی نقصان ہو گا اور اگر نگراں حکومت کسی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تین ماہ سے زائد وقت تک رہی تو پھر بلدیاتی الیکشن میں پی پی کو نقصان ہو گا۔ اس لئے فوری طور پر دوسرے معاملات چھوڑ کر بلدیاتی الیکشن کی تیاری کی جائے۔

(جاری ہے)

اس ہدایت کے بعد وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے پی پی کے صوبائی رہنماؤں کی اور سندھ سے تعلق رکھنے والے پی پی کے ارکان پارلیمینٹ سے صلاح مشورے تیز کر دیے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے 12 ستمبر کو پی پی سندھ کونسل کا اجلاس بھی وزیراعلی ہاؤس میں طلب کر لیا ہے جس میں بلدیاتی الیکشن میں امیدواروں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ پی پی کے صوبائی رہنما اب بلدیاتی الیکشن کی مہم میں مصروف ہو گئے ہیں۔