جسٹس انور ظہیر جمالی نے24 ویں نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

صدر ممنون حسین نے ان سے اُردو میں حلف لیا

جمعرات 10 ستمبر 2015 11:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) جسٹس انور ظہیر جمالی نے 24 ویں نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا،صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے اُردو میں حلف لیا ،جمعرات کے روز ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم نواز شریف ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل راشد محمود ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان،وزیر اعظم آزاد کشمیر ،وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن ،سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ،تصدق حسین جیلانی ،اٹارنی جنرل آف پاکستان سمیت سپریم کورٹ کے ججز صاحبان اور وکلاء نے شرکت کی ،تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ،نئے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے سپرکورٹ آف پاکستان کے24 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اُردو زبان میں لیا،صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے حلف لیا،نئے چیف جسٹس نے حلف اٹھانے کے بعد صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے مصافحہ کیا،نئے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی ایک سال 4 ماہ تک اپنے عہدے پر براجمان رہیں گے،جسٹس انور ظہیر جمالی کا تعلق سندھ کے علاقے حیدر آباد سے ہے ، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں ،2007 ء میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا،2009 ء سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج بنے،انہوں نے بد امنی کیس میں اہم فیصلے جاری کئے،جسٹس انور ظہیر جمالی کا تعلق مشہور صوفی بزرگ حضرت قطب جمال الدین احمد حسنوئی کے گھرانے سے ہے جو پنجاب کے مشہور صوفی بزرگ بابا فرید الدین گنج شکر کے خلیفہ بھی تھے،چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کے والدین قیام پاکستان کے وقت 1947 میں ہندوستان کے شہر جے پور سے ہجرت کرکے پاکستان آئے، وہ 31 دسمبر 1951 کو حیدر آباد میں پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجارت اور قانون میں بالتریب 1971 اور 1973 میں سندھ یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگریاں حاصل کیں۔