زیادہ اخراجات ، انٹر نیشنل الیون کا دورہ پاکستان خطرات سے دوچار ہوگیا

جمعرات 10 ستمبر 2015 15:58

زیادہ اخراجات ، انٹر نیشنل الیون کا دورہ پاکستان خطرات سے دوچار ہوگیا

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار10ستمبر ۔2015ء ) انگلش کرکٹ بورڈ کے سابق چیئر مین اور آئی سی سی کی پاکستان ٹاسک ٹیم کے سربراہ جائلز کلارک کی انٹرنیشنل الیون کا مجوزہ دورئہ پاکستان زیادہ اخراجات کی وجہ سے شدید خطرات سے دوچار ہے۔ پی سی بی کے دورے کیلیے تیار کردہ بجٹ سے جائلزکلارک کا بجٹ دس گنا زیادہ ہے۔ جو زمبابوے کے دورئہ پاکستان سے بھی زیادہ ہے اور اس تناظر میں اب ان میچز کے امکانات مشکل دکھائی دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ جائلز کلارک نے اپنی ٹیم میں کرس گیل اور گلین میکس ویل جیسے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے ان کھلاڑیوں کا معاوضہ بہت زیادہ ہے جبکہ پی سی بی چاہتا ہے کہ ورلڈ الیون میں غیر ملکی کھلاڑی ضرور شامل ہوں لیکن ان کے معاوضے زیادہ نہ ہوں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جائلز کلارک سے اخراجات پر نظرثانی کیلیے کہا ہے وگرنہ دوسری صورت میں پی سی بی انگلش بورڈ کے دوسرے سابق چیئرمین اور صدر ایم سی سی ڈیوڈ مورگن سے رابطہ کرکے ایم سی سی ٹیم پاکستان لانیکی درخواست کریگا ۔