پاکستان کرکٹ بورڈ نے وسیم اکرم ، رمیز راجہ کو پاکستان سپر لیگ کا سفیر مقرر کر دیا

جمعرات 10 ستمبر 2015 16:56

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وسیم اکرم ، رمیز راجہ کو پاکستان سپر لیگ کا سفیر ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار10ستمبر ۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے سابق قائدین وسیم اکرم اور رمیز راجہ کو پاکستان سپر لیگ کا سفیر مقرر کر دیا ۔ لاہور میں پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وسیم اکرم اور رمیض راجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 20ستمبر کو سپر لیگ کا لوگو لانچ ہوگا ، پی ایس ایل تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ،ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے بھر پور کوششیں کر رہے ہیں ، مذکورہ ٹورنامنٹ میں آئی سی سی کے رولز ہی چلیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم اور رمیز راجہ کی پاکستان کے لئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں یہ دونوں کیا فیس لیں گے ۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر وسیم اکرم نے کہا کہ سپر لیگ کا پہلا سال ہے لہذا ہم چھوٹا سٹارٹ لینا چاہتے ہیں ، یہ یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ پی سی ایل کا آئی پی ایل سے کوئی مقابلہ نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان ان کے لیے سب سے پہلے ہے اور انکی اولین ترجیح کھلاڑیوں کو پاکستان لانا ہے ۔ سابق کپتان کے مطابق سپر لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے ہمراہ کھیلنے سے پاکستانی کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گا ،ایونٹ کے لیے اہم غیر ملکی کھلاریوں سے رابطے کئے ہیں اور بڑے کھلاڑیوں کی پی ایس ایل میں شرکت متوقع ہے ۔ سابق کپتان رمیز راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے اگلی بار سپر لیگ پاکستان میں ہو ، پی ایس ایل پاکستان کرکٹ میں انقلاب لائیگی ، سپر لیگ سے کرکٹ میں بہت نکھار آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سپر لیگ سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا ،پی ایس ایل کیلئے اب بھی بہت محنت درکار ہے ۔

متعلقہ عنوان :